بھارت کشمیر کے وسائل کو بے دریغ لوٹ رہا ہے‘ میر واعظ

بھارت کشمیر کے وسائل کو بے دریغ لوٹ رہا ہے‘ میر واعظ

سرینگر(اے پی پی )مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے پاک بھارت مذاکرات میں کشمیریوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کی طرف سے کئے جانے والے اعتماد سازی کے اقدامات سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ماحول کو سازگار بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حریت کانفرنس بجلی کے منصوبوں کو بھارتی ہائیڈرو الیکٹرک کارپوریشن سے واپس لیے جانے کی جد وجہد میں سول سوسائٹی کے گروپوں کا بھر پور ساتھ دے گی۔ میر واعظ نے کہا کہ بھارت کشمیر کے وسائل کوبے دریغ لوٹ رہا ہے اور اس معاملے کو بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی تقدیر کے خود مالک ہیں اور وہ سیاسی، سفارتی ، ثقافتی اور معاشی محاذوں پر جاری بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریںگے۔

مزید : عالمی منظر