اسرائیلی سیاحوں سے بھری بس میں دھماکہ خودکش حملہ تھا‘بلغاریہ
صوفیہ (اے پی پی) بلغاریہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی سیاحوں سے بھری بس میں ہونے والا دھماکہ ممکنہ طور پر خودکش حملہ تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بلغاریہ کے وزیر خارجہ سویتن سویتا نوو نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مبینہ طور پر ایک خودکش حملہ آور کی کارروائی تھی۔ انہوںنے کہا کہ مبینہ حملہ آور کو سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج سے حملے سے ایک گھنٹہ قبل بس کے قریب دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس شخص کے پاس امریکی ریاست مشی گن کا جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس تھا جو کہ جعلی بھی ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کو ساحلی شہر بورگاس میں ہونے والے اس حملے میں 6 اسرائیلی اور ایک بلغارین شہری ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔