راجیش کھنہ کی موت پر بالی ووڈ کی رنگین دنیا بے رنگ ہو گئی
ممبئی(نیٹ نیوز) بالی ووڈ کے پہلے سپر اسٹارراجیش کھنہ کی موت پر بالی وڈ کی رنگین دنیا بھی بے رنگ ہوگئی ہے۔ بالی ووڈ کے موجودہ اداکاروں کی بڑی تعداد بھی غم میں مبتلا کردیا۔ بھارتی اداکار انٹرنیٹ پر سوشل ویب سائٹس پر راجیش کھنہ کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔ راجیش کھنہ کی موت پر بالی و وڈ کی رنگین فلم نگری پر خاموشی نے ڈیرے ڈال دیئے، ماضی کے اداکار کیا بالی وڈ کی نئی نسل نے بھی ان کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ سوشل ویب سائیٹس پر بالی وڈ کوئن مادھوری ڈکشٹ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ہندی سینما کے ایک بڑے نام سے محروم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیش کھنہ اتنے بڑے اسٹار تھے کہ میں انہیں کبھی نہ بھول پاﺅں گی اورمیں ان کے اہل خانہ غم میں برابر کی شریک ہوں۔اداکار شاہد کپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ راجیش کھنہ فرسٹ کنگ آف رومانس تھے۔ ان کے رومانوی کرداروں کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔اداکارہ شلپا شیٹھی کا کہنا تھا کہ سپر اسٹار راجیش کھنہ کی موت کی خبر نے مجھے اداس کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس عظیم نقصان پر راجیش کھنہ کی فیملی سے تعزیت کرتی ہوں اور ان کے لئے دعاگو ہوں۔ہدایت کار مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ جب ہم سے کوئی ہمارا پیارا بچھڑتا ہے تو کوئی چیز ہماری ذات میں مر جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نسل راجیش کھنہ سے محبت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے اسٹار کی موت سے ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔ اداکار انوپم کھیر نے کہا کہ راجیش کھنہ کی اداکاری حقیقت سے قریب تھی۔ وہ ایک بادشاہ تھے جنہوں نے بھارتی سینما کو گلیمر،، اسٹائل اور ایک نیا انداز دیا ہم انہیں کبھی نہیں بھول پائیں گے۔