فحاشی کے خاتمہ کیلئے خود ڈرامہ پروڈیوس کروں گی، اداکارہ نرگس
لاہور(آئی این پی) فلم، ٹی وی اور سٹیج ڈرامہ کی معروف اداکارہ نرگس نے کہا ہے کہ وہ سٹیج ڈرامہ سے فحاشی اور قابل اعتراض ذومعنی فقروں کے استعمال کے خاتمہ کیلئے خود ڈرامہ پروڈیوس کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیج ڈرامہ کے شائقین کی بڑی تعداد غیر معیاری ڈراموں کی بنا ء پرتھیٹر کا رخ نہیں کر رہی جس سے فلم انڈسٹری کے بعد تھیٹر بھی ویرانی کی جانب جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رمضان المبارک میں ڈراموں کو معیاری بنانے کیلئے نئے اسکرپٹس تلاش کریں گی اور عید الفطر پرذاتی پروڈکشن شروع کر کے شائقین کو تفریحی کیلئے معیاری سٹیج ڈرامے پیش کریں گی جنہیں وہ اپنے خاندان کے ہمراہ بھی دیکھ کر لطف اندوز ہوں گے۔ اداکارہ نرگس نے کہا کہ انہیں سٹیج ڈراموں کیلئے تھیٹرمیں ایک منفرد مقام اور تجربہ حاصل ہے اور وہ اپنے اس تجربے کو ڈراموں کے معیاری بنانے پر پوری توجہ سے کام کریں گی۔