ائیرلائنز نے جلد خراب ہونے والی آئٹمز کےلئے کرایوں میں اضافہ کردیا
اسلام آباد (اے پی پی) ہارویسٹ ٹریڈنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد جواد نے کہاہے کہ مختلف ائیرلائنز نے جلد خراب ہونے والی آئٹمز کےلئے کرایوں میں اضافہ کیا ہے جس سے ملکی برآمدات کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پی آئی اے آم کی برآمدی شپمینٹس کے کرایہ میں کمی کرے ۔جمعرات کو”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعات کی قیمتوں کی نسبت کرایہ زیادہ ہے جس کے باعث برآمد کنندگان کو دنیا کے مختلف ممالک میں بھیجے جانے والے برآمدی سامان کے حوالے سے مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آم کا برآمدی سیزن پورے عروج پر ہے اور آم برآمد کرنے والے اداروں کو اس سلسلے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اس وقت برآمد کنندہ کو ایئر لائنز کے کرایہ اورایجنٹس کی کمیشن کی مد میں 4 تا5 روپے فی کلو اضافی ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ میں اضافہ کے باعث رواں سیزن کے دوران آم کے دو لاکھ ٹن برآمدی ہدف کا حصول مشکل ہوگا جس سے قیمتی زرمبادلہ میں بھی کمی ہوسکتی ہے۔ احمد جواد نے مطالبہ کیا کہ پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں اضافہ کو یقینی بنانے کےلئے ایئرلائنز کے کرایہ میں کمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔