ملائیشیا ء: پاکستانی آلات جراحی کی نمائش‘ خریداروںکی گہری دلچسپی

ملائیشیا ء: پاکستانی آلات جراحی کی نمائش‘ خریداروںکی گہری دلچسپی

کوالالمپور (اے پی اے ) ملائیشیا ءمیں ”انٹرنیشنل ہیلتھ کیئر اینڈ ایگزی بیشن 2012ء“ کے عنوان سے پاکستانی آلات جراحی کی نمائش کی گئی کوالالمپور کنونشن سنٹرمیں منعقدہ بین الاقوامی نمائش کے دوران خریداروں کی کثیر تعداد نے پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔پاکستانی ہائی کمیشن کوالالمپور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نمائش میں دنیا بھر کی مختلف کمپنیوں نے میڈیکل کے شعبہ میں استعمال ہونے والے آلات کے 120 سے زائد سٹالز لگائے گئے جن میں آسٹریلیا، چین، ملائیشیا ، پاکستان، سنگاپور اور امریکی کمپنیاں نمایاں ہیں، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پاکستانی ہائی کمیشن ملائیشیا کے اشتراک سے پا کستانی پویلین قائم کیا۔پاکستانی پویلین کے دورہ کے موقع پر ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر مسعود خالد نے کہا کہ پاکستان میں تیار کئے جانے والے آلات جراحی اپنے معیار کی وجہ سے پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں اوران کی برآمدات سے ہر سال لاکھوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کمایا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات امریکہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ کی مارکیٹوں میں بڑی تعداد میں دستیاب ہیں، مسعود خالد نے کہا کہ بین الاقوامی نمائش میں شرکت سے ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا۔

مزید : کامرس