داعش نے مرغی بم بنا لیا
بغداد (نیوز ڈیسک) میڈیا رپورٹس کے مطابق داعش نے ایک نیا خطرناک ہتھیار تیار کرلیا ہے اور آپ کو یہ جان کر شائد حیرانی ہو کہ یہ ہتھیار دراصل جیتی جاگتی مرغیاں ہیں۔ داعش سے وابستہ سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر ایسی مرغیوں کی تصاویر اپ لوڈ کی گئی ہیں جن کے گرد بارودی مواد باندھا گیا ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوجہ شہر میں یہ حربہ کثرت سے استعمال کیا جارہا ہے۔ داعش کے کارکن مرغیوں پر دھماکہ خیز بیلٹس باندھ کر انہیں دشمن کے کیمپوں کی جانب بھیجنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر مرغی منزل تک پہنچانے میں کامیاب ہوجائے تو ریموٹ کنٹرول سے اُسے اڑادیا جاتا ہے۔ دوسری جانب برطانوی اخبار ’ڈیلی سٹار‘ کا دعویٰ ہے کہ داعش کو گولہ بارود کی کمی کا سامنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس قسم کے غیر روائتی حربے اپنائے جارہے ہیں۔