ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی صدارت میں ’’ وارث شاہ میموریل کمیٹی ‘‘ کا اجلاس
لاہور (اپنے خبر نگار سے)پنجابی زبان کے ’’ شیکسپیئر‘‘ کا درجہ رکھنے والے عظیم صوفی شاعر پیر سید وارث شاہ ؒ کی پنجابی ثقافت کے لئے بے پناہ خدمات کو نئی نسل تک منتقل کرنے اور وارث شاہ کی ’’ ہیر‘‘ میں دئیے گئے امن کے پیغام کو عام کرنے کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے تشکیل کردہ ’’ وارث شاہ میموریل کمیٹی ‘‘ کا اجلاس آج سول سیکرٹریٹ لاہور میں کمیٹی کے چیئر مین ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈی سی او شیخوپورہ ارقم طارق کی تجویز پر شیخوپورہ جنڈیالہ شیر خان روڈ پر ’’ باب وارث شاہ ‘‘ تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی ۔ مقامی عمائدین کے مالی تعاون سے باب وارث شاہ ؒ کی ایل ڈی اے کے ماہرین کے توسط سے ڈیزایننگ کا کام مکمل ہوتے ہی اگلے دو ماہ میں وارث شاہ کی یاد دلانے والے اس بڑے گیٹ کی تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سید وارث شاہ کا 218 واں سالانہ عرس 23 سے 25 ستمبر تک جنڈیالہ شیرخان میں واقع ان کے دربار پر منعقد ہو گا۔اس کے علاوہ حکومت پنجاب کے محکمہ اطلاعات و ثقافت نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے توسط سے سال بھرکے لئے وارث شاہ میموریل کمیٹی کی تقریبات کا شیڈول بھی تیار کیا ہے ۔کمیٹی کے اجلاس میں اس شیڈول کی منظوری دی گئی جس کے مطابق سید وارث شاہ کے حوالے سے تمام سال کی ثقافتی سرگرمیوں کی تصویروں اور ممبران کمیٹی کے مضامین پر مشتمل بروشر شائع کیا جائے گا ۔ اس سال ستمبر میں سالانہ عرس کے موقع پر 64 کنال رقبے پر مشتمل وارث شاہ کمپلیکس جنڈیالہ شیر خان میں مقابلہ ہیر خوانی ، پنجابی مشاعرہ ، ڈرامہ ،گھڑناچ ،ہیر وارث شاہ پر تحقیقی مضامین اور ثقافتی کھیل کبڈی کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے ۔ اکتوبر میں الحمراء لاہور میں ہیر خوانی پر تحقیقی مضامین کے حوالے سے سیمینار منعقد ہو گا۔نومبر میں پنجاب کی رومانوی داستانوں کی ڈرامائی تشکیل کر کے اوپن ایئر تھیٹر باغ جناح لاہور میں ڈرامہ فیسٹیول ہو گا ،دسمبر میں پنجابی کے مقامی شاعروں کو ضلع کونسل ہال شیخوپورہ میں مشاعرے کے لئے مدعو کیا جائے گا ۔اگلے سال جنوری میں گورنمنٹ ڈگری کالج جنڈیا شیر خان میں ضلع بھر کے سکولوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات کے مابین ہیر وارث شاہ کے موضوع پر تقریری مقابلے ہوں گے ، فروری میں سید وارث شاہ کمپلیس میں بسلسلہ عید میلادالنبیﷺ محفل نعت منعقد ہو گی ۔مارچ میں بلدیہ ہال شیخو پورہ میں صوفیانہ کلام کی محفل سجائی جائے گی ،اپریل میں نامور ہیر خوان حضرات الحمرا لاہور میں ’’ ہیر کی محفل ‘‘ برپا کریں گے جبکہ مئی میں گورنمنٹ ڈگری کالج جنڈیالہ شیر خان میں طلبا و طالبات کے مابین مقابلہ ہیر خوانی منعقد کرایا جائے گا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 1985 ء میں وارث شاہ میموریل کمیٹی کی جانب سے محمد شریف صابر کی مرتب کردہ کتاب ’’ ہیر وارث شاہ ‘‘ جو سرکاری طور پر شائع کروائی گئی تھی ،اسے نئے سرے سے حکومتی سطح پر شائع کروایا جائے گا ۔662 صفحات پر مشتمل ثقافتی اہمیت کا شاہکار ہیر وارث شاہ اس وقت بازار میں دستیاب نہیں ہے ۔وارث شاہ میموریل کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ نا صرف اس کتاب کو اس سال ستمبر تک لانچ کر دیا جائے گا بلکہ ہیر خوانی کرنے والوں کی سی ڈی تیار کر کے فیس بک پر بھی لاگ آن کی جائے گی ۔اسی طرح پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ پنجابی اور دیگر یونیورسٹیوں میں سید وارث شاہ کے کلام پر لکھے گئے تحقیقی مکالے پیلاک کے تحت مجطمع کر کے انہیں پنجابی ادب سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں تک بڑے پیمانے پر پہنچایا جائے گا ۔اجلاس میں کمیٹی کے چیئر مین اے سی ایس شمائل احمد خواجہ ، وائس چیئر مین سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب جہانگر انور راجہ ، سابق وفاقی سیکرٹریز شاہد رفیع ، اوریا مقبول جان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹ چوہدری محمد آصف پرویز کے علاوہ ڈی سی او شیخو پورہ ، ای ڈی او (ایجوکیشن) شیخو پورہ ، مینیجر دربار سید وارث شاہ محمد احسان اور دیگر نان آفیشل ارکان وارث شاہ میموریل کمیٹی نے شرکت کی ۔