پنجاب گورنمنٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس،جشن آزاد ی کی تیاریوں کاجائزہ

پنجاب گورنمنٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس،جشن آزاد ی کی تیاریوں کاجائزہ

لاہور(خبر نگار)جشن آزادی کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے پنجاب حکومت کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئر مین رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں محکمہ اطلاعات، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، سکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، آرکائیوز، سپورٹس ،کلچراور پی ایچ اے کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات رانا ارشد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ اس سال یوم آزادی پر وزیر اعلی کی ہدایت کے مطابق شاندار ثقافتی اور تفریحی پروگراموں کے علاوہ آزادی کے 69سال پورے ہونے پر قوم کو دعوت فکر بھی دی جائے گی کہ وہ یہ سوچیں کہ ہم نے آزادی کے بعد کے عرصہ میں کیا کھویا کیا پایا۔ اس مقصد کے لئے تمام شہروں بالخصوص یونیورسٹیوں میں قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد اور ملکی مسائل کے حوالے سے فکری نشستیں بھی ہوں گی۔تمام سرکاری و غیر سرکاری یونیورسٹیوں کی شراکت سے یوم پاکستان کے حوالے سے مرکزی سیمینار ایوانِ اقبال میں منعقد ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پرپوسٹر کمپیٹیشن اور وال پینٹنگز کے مقابلے کرائے جائیں گے۔ان تمام ایونٹس کے موضوعات عدم انتہا پسندی، امید اور ترقی ہوں گے نیز تحریک پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام تقریری مقابلوں میں تحریک پاکستان کے بزرگوں اور نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات کو مہمان خصوصی بنایا جائے گا۔رانا مشہود احمد نے کہا کہ سکولوں، کالجوں کے طلباء محکمہ جنگلات کے تعاون سے پلانٹیشن ڈے منائیں گے بچے اپنے ناموں سے اپنے اداروں میں پودے لگائیں گے۔اس موقع پر دوسرے صوبوں کے ہائی اچیورز طلباء کو یوم پاکستان پر لاہور کی تقریبات میں مدعو کیا جائے گا۔یوم پاکستان پر حضوری باغ میں خصوصی تقریب ہو گی۔ پی ایچ اے مینار پاکستان سمیت پانچ مقامات پر فائر ورکس کرائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...