سنگل لیگ چار ملکی ٹورنامنٹ ، قومی انڈر 21ہاکی ٹیم جرمنی روانہ ہو گی

سنگل لیگ چار ملکی ٹورنامنٹ ، قومی انڈر 21ہاکی ٹیم جرمنی روانہ ہو گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور ( سپورٹس رپورٹر )قومی انڈر 21ہاکی ٹیم چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے لاہور سے جرمنی کے لئے روانہ ہوگئی ۔ ٹیم میں کپتان دلبر حسین، اظفر یعقوب ( نائب کپتان )،عثمان غنی ،عاطف مشتاق،مصباح علی ،ابوبکر ،ایم قاسم ،جنید کمال ،شان ارشد ،عتیق ارشد ،بلال قادر ،رانا سہیل ،ثناء اللہ ،ایم رضوان ،حسن انور اور فیضان شامل ہیں ٹیم کے مینجر /ہیڈ کوچ طاہر زمان اور کوچ ذیشان اشرف ہوں گے ۔سنگل لیگ چار ملکی ٹورنامنٹ 21سے 24جولائی تک جرمنی میں ہوگا جس میں پاکستان ،نیدر لینڈ ،جرمنی اور بیلجیئم کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ 21جولائی کو جرمنی کے خلاف ،23جولائی کو بیلجیئم کے خلاف اور 24جولائی کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی ۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان اور کپتان دلبر حسین نے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختصر وقت میں ٹیم کو ویزہ جاری ہونے پر ہم جرمنی کے سفارت خانہ کے مشکور ہیں ۔ قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی بھرپور پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت سے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو کافی تجربہ ملے گا جو کہ رواں سال دسمبر میں لکھنو بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ ہاکی کھیلنے والے دیگر ممالک گزشتہ تین سالوں سے اپنی جونیئر ٹیموں کی تیاری کروانے میں مصروف ہیں جبکہ ہم نے ایک سال قبل ہی تیاری شروع کی ہے جو کہ تیاری کے لئے کم وقت ہے لیکن ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس کم وقت سے بھی زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے ۔ہاکی فیڈریشن کے موجودہ حکام ہاکی کی بہتری کے لئے ہر قدم اٹھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جونیئر ہاکی ٹیم کے دفاع کے شعبہ پر زیادہ زور دیا جارہا ہے جبکہ پنلٹی کارنز ڈرلز ،سٹرائکنگ مہارت ،فزیکل فٹنس پر بھی کام ہورہا ہے ۔ایبٹ آباد میں فزیکل ٹریننگ کیمپ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کی فٹنس میں کافی بہتری آئی ہے اور ان کھلاڑیوں کو فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کھیلا یا گیا ہے جس سے ان کی فٹنس مذید بہتر ہوئی ہے۔دورہ جرمنی ٹیم کی ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کا حصہ ہے ۔