ناکام بغاوت کے بعد ترکی کے نیول چیف اور 14بحری جنگی جہاز غائب

ناکام بغاوت کے بعد ترکی کے نیول چیف اور 14بحری جنگی جہاز غائب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


استنبول(نیوز ڈیسک)ترکی میں ناکام بغاوت کے اثرات تاحال مکمل طور پر ختم نہیں کئے جاسکے۔ اس وقت بھی ترکی میں خوف کا سماں ہے اور ترک باشندوں سے صدر طیب اردگان نے جمہوریت کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ دوسری طرف اس ناکام بغاوت کے بعد سے ترکی کے نیول چیف ایڈمرل ویسل کوسلے منظر عام سے غائب ہیں۔امریکی اخبار ٹائمز کے مطابق ان کے بارے میں تاحال علم نہیں ہوسکا کہ وہ کہاں ہیں ان کے بارے میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کو یرغمال بنایا گیا ہے یا وہ حکومت کی حراست میں ہیں۔ اس کے علاوہ صدر اردگان کیلئے ایک اور پریشان کن خبر یہ ہے کہ ترک نیوی کے متعدد جہاز بھی غائب ہیں ان میں سے 14جہاز جنگی ہیں جن پر کافی زیادہ جنگی سازوں سامان لدا ہوا ہے۔ ان کے بارے میں یہ خبر آئی ہے کہ یہ جنگی جہاز یونان کی سمندر ی حدود میں بحیرہ ایجینن میں موجود ہیں اور ان جہازوں کے پائلٹس نے ترکی کے نیول ہیڈ کوارٹر سے واپسی کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا یہ جنگی جہاز مکمل طور پر کام کر رہے ہیں۔
ترک نیول چیف

استنبول(آن لائن)ترکی کے صدر رجب طیب ایردگا ن نے کہا ہے کہ منتخب حکومت پر شب خون مارنے والے باغیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پارلیمنٹ سزائے موت کا قانون منظور کرتی ہے تو وہ اس پر دستخط کرنے میں تاخیر نہیں کریں گے۔امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک ’سی این این‘ کے مطابق ترک صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ "باغیوں کی سزاء کا فیصلہ پارلیمنٹ پر چھوڑا گیا ہے۔ اگر پارلیمنٹ باغیوں کو سزائے موت دینے کی منظوری دیتی ہے تو حکومت اس فیصلے کو نافذ کرے گی۔ وہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد سزائے موت کے قانون پر دستخط کرتے ہوئے اسے نافذ العمل کریں گے۔خیال رہے کہ ترکی میں سنہ 2004ء میں سزائے موت کا قانون اس وقت منسوخ کردیا گیا تھا جب ترکی یورپی یونین میں شمولیت کے لیے کوشاں تھا۔ حال ہی میں فوج کے ایک منحرف ٹولے کی جانب سے منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش ناکام بنائے جانے کے بعد باغیوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے ،امریکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے صدرنے کہا کہ سزائے موت کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ سے فیصلہ آنے کے بعد صدر مملکت کی حیثیت سے میں اس کی منظوری دینے میں تاخیر نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت وقت کے خلاف بغاوت کی سازش کرنے والوں کو عوام سزائے موت دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔صدرکا کہنا تھا کہ سڑکوں پر احتجاج کرنے والے لاکھوں عوام بغاوت کے مرتک عناصر کو دہشت گرد قرار دے کران کی پھانسی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ لوگ بجا طور پر یہ سوال پوچھتے ہیں کہ ہم باغیوں کو جیلوں میں ڈال کر کئی سال تک ان کی خدمت کیوں کریں اور انہیں کیوں کھلائیں پلائیں۔ایک سوال کے جواب میں ترک صدر نے کہا کہ وہ جلد ہی باضابطہ طور پر امریکا سے فتح اللہ گولن کی حوالگی کا مطالبہ کریں گے۔خیال رہے کہ ترکی کے مذہبی رہ نما اور امریکا میں جلا وطن لیڈر فتح اللہ گولن پر ترکی میں حکومت کے خلاف بغاوت کی سازش کا الزام عاید کیا گیا ہے تاہم گولن ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -