نواز شریف، مریم نوازسمیت 80 ہزار قیدی ووٹ کا حق استعمال کرنے سے محروم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سمیت مختلف جیلوں میں قید 80 ہزار سے زائد قیدی استحقاق کے باوجود ووٹ کا حق استعمال کرنے سے محروم ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق پنجاب کی 40 مختلف جیلوں میں ایک ہزار خواتین سمیت 49 ہزار 100 قیدی ہیں جب کہ سندھ کی 26 جیلوں میں 200 خواتین سمیت قیدیوں کی تعداد 19 ہزار سے زائد ہے۔اسی طرح خیبر پختونخوا کی 23 جیلوں میں 220 خواتین سمیت 10 ہزار 50 اور بلوچستان کی 11 مختلف جیلوں میں 20 خواتین سمیت 2100 سے زائد قیدی موجود ہیں۔
جیل مینوئل کے مطابق جیلوں میں قید 80 ہزار شہریوں کو ووٹ دینے کا حق اور سہولت حاصل ہے، قیدی بیلٹ پیپر بذریعہ جیل انتظامیہ متعلقہ پریذائیڈنگ افسر کو درخواست دے کر بیرک میں منگوا سکتا ہے تاہم قیدیوں کے ووٹ دینے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی اقدامات سامنے نہیں آئے۔
سابق آئی جی جیل نصرت منگن کا کہنا ہے کہ قیدیوں کو ووٹ کے حق سے متعلق شعور یا آگاہی نہیں، 2013 کے انتخابات میں بھی قیدیوں کو ووٹ ڈالنے کی سہولت نہیں دی گئی جب کہ 2008 کے الیکشن میں سندھ میں محض 10 قیدیوں کے ووٹ کاسٹ کرائے گئے۔