فیصل آباد ، ن لیگی جلسے کیلئے لگائی گئی رکاوٹوں سے شہری خوار ہوگئے
فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) فیصل آباد میں ن لیگی رہنماوں کی ہٹ دھرمی نے شہریوں کا جینا دو بھر کر دیا ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے باوجود ن لیگ نے جلسے کے لیے کنٹینر لگا کرستیانہ روڈ بند کر دی ، مرکزی شاہراہ بند عام شہریوں کے ساتھ ایمبولینسز کو راستہ نہ ملنے پر مریض بھی خوار ہوتے رہے۔
نجی ٹی وی چینل ”92نیوز“ کے مطابق فیصل آباد میں 5 سال تک عوام کیلئے صرف مسائل پیدا کرنے والی ن لیگ اقتدار ختم ہونے پر بھی باز نہ آئی، دھوبی گھاٹ اور الفتح گراونڈ میں بارش کا پانی کھڑا ہونے کے باعث ن لیگ کو کوئی اور مقام نہ ملا تو مرکزی شاہراہ پر ہی سیاسی میدان لگانے کی ٹھان لی، ضلع انتظامیہ کی جانب سے وارننگ کے باوجود لیگی رہنماوں نے ستیانہ روڈ پر سلیمی چوک میں کنٹینرز لگوا کر ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا۔
ستیانہ روڈ پر ٹریفک بند ہونے سے نہ صرف عام شہری بلکہ مریض بھی شدید متاثرہوئے، لواحقین انتہائی مجبوری میں مریضوں کو ایمبولینس سے نکال کر پیدل سٹریچر پر لیجاتے رہے، دوسری جانب ن لیگی رہنماوں نے تیاریوں کے لیے سرکاری مشینری کا بھی بے دریغ استعمال کیا، میونسپل کارپوریشن کی گاڑیاں اور عملہ جلسے کے لیے ڈائریکٹ مین لائن سے تاریں لگا کر لائٹنگ کا انتظام کرتا رہا ، ن لیگ کی پیدا کردہ پریشانیوں پر شہری بھی پھٹ پڑے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ ن لیگی رہنماوں کو عوامی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں، پانچ سال تک اقدار میں رہنے والی جماعت کی حالت ایسی کہ اب جلسوں کے لیے بھی جگہ ملنا محال ہو چکاہے۔