’مجرموں سے اپیل ہے کہ وہ پیر تک گھروں میں رہیں کیونکہ سخت گرمی میں واردات ڈالنا نقصان دہ ہوسکتا ہے‘ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے نام اہم پیغام جاری کردیا
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ میں شدید گرمی کی لہر کے باعث 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ایسے میں پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مجرمانہ ذہن رکھنے والے لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پیر کے روز تک کسی بھی مجرمانہ فعل سے باز رہیں کیونکہ اتنی گرمی میں گھر سے باہر نکلنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
امریکی ریاست میٹا چوسیٹس کے شہر برین ٹری کے پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فیس بک پر ایک پیغام میں کہا گیا ’ہم ان تمام لوگوں سے جو کوئی مجرمانہ سرگرمی سرانجام دینا چاہتے ہیں گزارش کرتے ہیں کہ شدید گرمی کے باعث پیر کے روز تک اپنے منصوبوں کو پس پشت ڈال دیں۔ اس شدید گرمی کے موسم میں کوئی مجرمانہ سرگرمی سرانجام دینا ہینچ مین سٹیٹس کا اگلا درجہ ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی خطرناک بھی ہوسکتا ہے۔‘
برین ٹری پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مجرموں کو تجویز دی گئی کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں، اے سی چلا کر رکھیں، سٹرینجر تھنگز کا سیزن تھری دیکھیں، فیس ایپ کا لطف اٹھائیں ، اپنے گھروں کے تہہ خانوں میں کراٹے کی پریکٹس کریں۔پولیس نے مجرموں سے کہا کہ ہماری ملاقات پیر کے روز اس صورت میں ہوگی جب موسم سرد ہوجائے گا۔
میسا چوسیٹس کے شہر برین ٹری میں پیر تک درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا لیکن اس کی تپش 40 ڈگری محسوس ہوگی ۔ اتنا درجہ حرارت پاکستان میں تو معمول کی بات ہے لیکن امریکہ کی ان ریاستوں میں یہ درجہ حرارت ناقابل برداشت ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ ہیٹ ویو کے باعث وسطی امریکہ سے مشرقی امریکہ تک تقریباً 20 کروڑ لوگ گرمی سے متاثر ہوئے ہیں۔ گرمی کے باعث امریکہ میں اب تک 6 افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے ، 4 افراد میری لینڈ ، ایک ایریزونا اور ایک ارکنساس میں ہیٹ ویو کی بھینٹ چڑھا ہے۔ شدید گرمی کے باعث نیویارک شہر میں بہت سے اہم ایونٹس منسوخ کردیے گئے ہیں۔
فیس بک