ایک آزاد امید وار کے مقابلے میں پوری سندھ حکومت میدان میں ہے، پیپلز پارٹی گھوٹکی میں الیکشن نہیں فساد چاہتی ہے:حلیم عادل شیخ
سکھر(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور صوبائی پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کابینہ اور پوری سندھ حکومت گھوٹکی میں ایک آزاد امیدوار کے مقابلے پر میدان میں اتری ہوئی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی گھوٹکی میں الیکشن نہیں فساد چاہتی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خاندانوں کو لڑوایا ہے اس بار بھی خاندانوں کو لڑوا رہے ہیں، پیپلزپارٹی کی بدمعاشی کے باوجود فتح آزاد امیدوار کی ہوگی۔
سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ میں تین دن سے کہہ رہا ہوں باری پتافی جھگڑا کروانا چاہتے ہیں،اسلحہ جمع کیا جارہا ہے،عوام سے ووٹ خریدے جارہے ہیں، پیپلزپارٹی ایک ’مافیا پارٹی‘ بن چکی ہے، جس طرح بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد خالد شہنشاہ کو مروا کر سارے ثبوت ختم کروا دیئے گئے،اسی طرح یہ مافیا گھوٹکی میں مہر برادری کو لڑوانا چاہتی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات پیپلزپارٹی نے اپنے ہر رکن کو دو دو سو لوگوں کو اسلحہ کے ساتھ لانے کا کہا ہے، کیا یہاں جنگ لڑنے آرہے ہیں؟ باہر کے لوگوں کو کیوں بلوایا جارہا ہے؟ ہم نے کسی کو نہیں بلوایا، ہم پر امن الیکشن چاہتے ہیں،ہم بلاول کو بھٹو سمجھ رہے تھے لیکن گھوٹکی الیکشن میں اس کا کردار دیکھا تو وہ زرداری نکلے ، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خاندانوں کو لڑوایا ہے، اس بار بھی خاندانوں کو لڑوا رہے ہیں۔ انہوں نےکہا پیپلزپارٹی نے 25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے، اسی لئے ہم 25 جولائی سے 14 اگست تک یوم انصاف منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی میں خورشید شاہ ووٹ خرید رہے ہیں،25 کروڑ کی رقم جمع کی گئی ہے جو گھوٹکی میں تقسیم کی جارہی ہے،پی ٹی آئی کی طرف سے گھوٹکی الیکشن میں کوئی سرکاری سپورٹ نہیں ہے، پیپلزپارٹی سندھ حکومت کے ذریعے سرکاری مشینیری استعمال کر رہی ہے، پیپلزپارٹی کے سیاسی تابوت میں آخری کیل بلاول زرداری نے خود ٹھونک دی ہے، ان کی سندھ سے سیاست ختم ہونے والی ہے۔