پاکستانی فلموں کی کامیابی خوش آئند ہے، فضاء علی

پاکستانی فلموں کی کامیابی خوش آئند ہے، فضاء علی

  

لاہور(فلم رپورٹر) فلم اورٹی وی اداکارہ و ماڈل فضاء علی نے کہا کہ پاکستانی فلموں کی کامیابی خوش آئند ہے فلمیں تو بنائی جا رہی ہیں لیکن یہ بھی دیکھنا ضروری ہے کہ فلموں کا معیار کیا ہے کیونکہ غیر معیاری فلمیں ایک ہزار بھی بنا لی جائیں تو اس کا انڈسٹری کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا اس لئے میں سمجھتی ہوں کہ فلم انڈسٹری میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ لگانے کی ضرورت ہے کیونکہ جب سرمایہ زیادہ ہو گا تو اس سے معیاری فلمیں بنیں گی۔فضاء علی نے کہاہے کہ فلموں کی ایک اپنی خاص اہمیت ہوتی ہے مگر 20سالوں سے فلم کی جگہ ڈرامہ انڈسٹری عروج پر ہے اور اسی وجہ سے آج سینکڑوں اداکاروں کا روزگار ٹی وی ڈراموں سے وابستہ ہے انہوں نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کے زوال کا ذمہ دار کسی ایک کو قرار نہیں دیا جا سکتا اگر ہمیں بھارتی فلموں کا مقابلہ کرنا ہے تو اس کے لئے خلوص نیت کے ساتھ فلم انڈسٹری سے وابستہ تمام ایسوسی ایشن کو فعال کرنا ہو گا۔

ہر ایسوسی ایشن اپنی طے شدہ ذمہ داریاں پوری کرے اور اس کے ساتھ نئے اداکاروں کے ساتھ موسیقاروں، گلوکاروں اور ہدایتکاروں کو بھی کام کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ فضاء علی نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری صرف نئی فلمیں بنانے سے آباد نہیں ہو گی سرمایہ کاری بھی بہت بڑی ضرورت ہے تمام فنکار اور ہدایت کار مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ چلیں تو مسائل کو سالوں میں نہیں مہینوں میں حل کیا جا سکتا ہے۔

مزید :

کلچر -