کراچی میں ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر، دادا، دادی اور پوتا جاں بحق

کراچی میں ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر، دادا، دادی اور پوتا جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ پر انڈر پاس میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دادا، دادی اور پوتا جاں بحق ہوگئے،حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اتوار کی صبح شہید ملت روڈ پر ہل پارک انٹر سیکشن پر قائم انڈر پاس میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی اور کافی دور تک رگڑتا ہوا موٹر سائیکل کو ڈمپر سمیت لے گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے ڈمپر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔جاں بحق افراد میں سے دو افراد کی شناخت ان کی جیبوں سے ملنے والے شناختی کارڈ کے ذریعے 78سالہ عبدالشکور اور20سالہ عبدالغفور کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے رابطہ کرنے پر متوفی عبدالغفور کا والد عبدالسلام جناح اسپتال پہنچا جہاں اس نے خاتون کو اپنی والدہ نور صبا کے نام سے شناخت کیا۔عبدالسلام نے بتایاکہ وہ کورنگی بلال کالونی کے رہائشی ہیں، اس کے والدین اور بیٹا گھر سے کسی کام کے سلسلے میں صبح نکلے تھے اور حادثے کا شکار ہوگئے۔پولیس کے مطابق تیزرفتار ڈمپر ڈرائیور ڈمپر سمیت فرارہوگیاہے، اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی جارہی ہے جس سے گرفتاری میں مدد مل سکے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -