پڑوس میں موجوددشمن پاکستان میں شیعہ سنی فساد پھیلا نا چاہتے ہیں: نورالحق قادری

  پڑوس میں موجوددشمن پاکستان میں شیعہ سنی فساد پھیلا نا چاہتے ہیں: نورالحق ...

  

لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کو اہل کوفہ اور دشمنوں نے گھیر رکھا ہے،گزشتہ چار عشروں سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی مگر پاکستان جیت گیا ہے ہمیں اپنی صفوں سے انتشار ختم کرکے اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو بھی امن کی فضاکو خراب کرنے کی کوشش کرے گا وہ برباد ہو جائے گا،موجودہ حالات میں علماکرام کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، مسلمانوں میں انتشار پھیلانے والوں کی سرکوبی کیلئے ہمیں متحد ہونا چاہئے،دینی مسائل سے متعلق تمام امور مشاورت سے نمٹائے جارہے ہیں ہمیں اختلافات کو ختم کرنا ہے اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ منہاج الحسین اور تحریک حسینیہ کے زیر اہتمام اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ملک میں سازشوں کے ذریعے فتنہ فسادات برپا کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں ہمیں اختلافات اور انتشار پھیلانے والوں سے لاتعلقی کا اعلان کرنا ہو گا اور اتفاق اتحاد و یکجہتی کی فضاکوقائم کرنا ہو گا۔ علماکرام کی صفوں میں اتحاد ویکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے ہمیں مسلمانوں میں انتشار پھیلانے والوں کی سرکوبی کیلئے متحد ہونا چاہئے۔عظیم ہستیوں کیخلاف بعض شرپسند عناصر کی نازیبا گفتگو سے مسلمانوں کی روح زخمی ہوتی ہے۔علماو مشائخ امت کے اتحاد کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ طالبان ناکام ہو چکے ہیں پاکستان جیت چکا ہے،ہمارے پڑوس میں ازلی اور ابدی دشمن موجودہیں جو شیعہ سنی فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔ ہمیں انتشار کو ختم کرنا ہے اور اتحاد کو فروغ دینا ہے،ظالم کا کسی فرقہ سے تعلق نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی بدولت دوبارہ ملک میں امن کی جو فضاقائم ہوئی ہے جس کیلئے بہت قربانیاں دی گئی ہیں، اب جو بھی امن کی فضاکو خراب کرنے کی کوشش کرے گا وہ نیست و نابود ہو جائے گا۔ موجودہ حکومت مذہبی معاملات میں علماکرام سے مشاورت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔علماکرام فسادی عناصر سے لاتعلقی کا اظہار کریں۔

نورالحق قادری

مزید :

صفحہ آخر -