اپوزیشن جماعتیں اے پی سی کے نام پر ایک دوسرے سے آنک مچولی کھیل رہی ہیں

      اپوزیشن جماعتیں اے پی سی کے نام پر ایک دوسرے سے آنک مچولی کھیل رہی ہیں

  

لاہور(این این آئی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ لاہور اور بہترین کارکردگی پر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی پذیرائی کرنا مسلم لیگ (ن) کیلئے ڈراؤنے خواب کی طرح ہے، اپوزیشن جماعتیں اے پی سی کے نام پر ایک دوسرے سے آنکھ مچولی کھیل رہی ہیں اور ذاتی مفادات کی نوعیت اورفریکونسی مختلف ہونے کی وجہ سے یہ بیل منڈھے چڑھتے ہوئے نظر نہیں آرہی،کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عید الاضحی کے تناظر میں ایس او پیز جاری کئے جائیں گے۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سیاست اور حکومت میں شفافیت کاجو معیارمتعارف کرایا ہے اپوزیشن کیلئے ان پر پورا اترنا مشکل ہو رہا ہے اس لئے حکومت کے ہر کام میں کیڑے نکالنا وطیرہ بنا لیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دو سال میں شفافیت کی مثالیں قائم کی ہیں، کیا ماضی میں معاونین خصوصی اور مشیروں کواثاثے ظاہر کے لئے کہا گیا؟، ماضی کے ادوار میں تو صرف کرپشن،لوٹنے اور نوازنے پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں اور اسی وجہ سے اپوزیشن کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جس بھی منصوبے پر پیشرفت کرتی ہے مسلم لیگ (ن) اسے اپنا منصوبہ قرار دے کر ڈھنڈورا پیٹنا شروع کر دیتی ہے، (ن) لیگ والوں نے اپنی ذاتی جیب سے کوئی منصوبہ نہیں بنایا بلکہ یہ عوام کے ٹیکسز کے پیسوں سے بنائے گئے منصوبے ہیں اور عوام کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کیلئے مرتب کئے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا ہے اور اپیل ہے کہ عید الاضحی پر بھی اسی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ ہم اس وائرس سے چھٹکارا پا سکیں اورمعمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہو سکیں۔

مسرت جمشید چیمہ

مزید :

صفحہ آخر -