دوہری شہریت والے حکومتی ارکان سکیورٹ رسک: پیپلز پارٹی، ملک پر غیر ملکی ٹولہ مسلط: مسلم لیگ (ن)

      دوہری شہریت والے حکومتی ارکان سکیورٹ رسک: پیپلز پارٹی، ملک پر غیر ملکی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد،کراچی(این این آئی) پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہاہے کہ 19 غیر منتخب کابینہ ارکان میں 4 معاونین خصوصی دوہری شہریت کے حامل ہیں، وزیراعظم بتائیں دوہری شہریت کے لوگوں کو کابینہ کا حصہ کیوں اور کس قانون کے تحت بنایا گیا؟۔وہ تو اس کے سخت مخالف تھے۔انہوں نے معلوم ہوتے ہوئے بھی دوہری شہریت کے حامل لوگوں کو آئینی فورم کا حصہ بنایا، تشویش کی بات ہے اور یوٹرن ہے۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں دوہری شہریت کے حامل افراد کی موجودگی سیکورٹی رسک ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والوں نے بیرون ملک سے کنسلٹنٹ درآمد کرکے انہیں کابینہ میں شامل کیا ہے۔ آئین پاکستان دوہری شہریت کے حامل افراد کو کابینہ میں شمولیت اور نہ ہی پارلیمان کا رکن بننے کی اجازت دیتا ہے لیکن نیازی صاحب نے آئین پاکستان کو بالائے تاک رکھ کر اپنی کچن کابینہ میں غیر ملکی شہریت رکھنے والے افراد کو شامل کیا۔ پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ دوہری شہریت اور بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات نے پنڈورا باکس کھول دیا، مشیروں کی اصلیت سامنے آنے کے بعد سلیکٹیڈ وزیراعظم بے نقاب ہو چکے ہیں۔ دہری شہریت کے خلاف بڑے دعوی کرنے والے سلیکٹیڈ وزیراعظم کی اپنی آدھی کابینہ دھری شہریت کی حامل نکلی ہے۔ بیرون ممالک سے وفاداری کا حلف اٹھانے والوں کو پاکستان پر مسلط کیا گیا ہے۔وزیراعظم کے پٹرولیم کے مشیر ندیم بابر کی پٹرولیم کمپنیز میں شیئرز ہونا مفادات کا تصادم ہے۔
پی پی پی

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران صاحب غیر ملکی شہریت رکھنے والے اپنے مشیروں، وزیروں سے استعفیٰ لیں۔ مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران صاحب آپ نے کہا تھا کہ دہری شہریت ہو اوریہاں وزیر بھی ہوں یہ نہیں ہوسکتا، آپ نے کہا تھا یہ نہیں ہوسکتا کہ دہری شہریت بھی ہو اور وہ ملک کے مستقبل کے فیصلے بھی کریں۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب آپ نے کہا تھا کہ جس کے پاس دوسرے ملک کا پاسپورٹ ہو اسے پارلیمان میں نہیں بیٹھنا چاہیے، اب دہری شہریت رکھنے والوں کو 22 کروڑعوام کی قسمت کے فیصلے کیوں کرنے دے رہے ہیں؟ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آج غیر ملکی پاسپورٹ والوں کو کابینہ میں کیوں بٹھا رکھا ہے؟ جن کا پاکستان میں کچھ نہیں انہیں آج اپنی کابینہ میں بٹھا کرکیوں فیصلے کرا رہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ ملک پر غیر ملکی ٹولہ مسلط ہونے کی وجہ سے عوام بیروزگاری، معاشی تباہی اور بھوک میں مبتلا ہیں، سب فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کی پیداوار مشیروں اور وزیروں کا ٹولہ ہے جو تحفے میں عمران صاحب کو ملا ہے۔
ن لیگ

مزید :

صفحہ اول -