دوہری شہریت پر پابندی کا اطلاق رکن پارلیمنٹ کیلئے، معاونین خصوصی پر نہیں: شہزاد اکبر اسد عمر

  دوہری شہریت پر پابندی کا اطلاق رکن پارلیمنٹ کیلئے، معاونین خصوصی پر نہیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و امور داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ حکومت نے معاونین خصوصی کے اثاثے ظاہر کرنے کی مثال قائم کردی ہے،مستقل قانون بنانے کے لئے اپوزیشن کی مدد سے آئین میں ترمیم کریں گے،معاونین خصوصی صرف حکومت کو مشورے دیتے ہیں،اہم فیصلوں پر دستخط نہیں کرسکتے۔اتوار کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاداکبر نے کہا کہ حکومت نے معاون خصوصی کے اثاثے ظاہر کرنے کی مثال قائم کردی ہے لیکن اس حوالے سے مستقل قانون بنانے کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت ہوگی جس میں اپوزیشن کا تعاون بھی درکار ہوگا۔ غیر منتخب ارکان کابینہ اجلاس میں بیٹھنے کا استحقاق نہیں رکھتے تاہم کابینہ کے غیر منتخب ارکان مدعو کئے جانے پر ہی شرکت کرسکتے ہیں۔شہزاد اکبر نے کہا کہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کیلئے دوہری شہریت کا حامل ہونے پر پابندی ہے لیکن وزیراعظم کے معاونین خصوصی پر دوہری شہریت کے باعث نااہلیت کا اطلاق نہیں ہوتا۔وزیراعظم شروع سے ہی کہتے رہے ہیں کہ اسمبلی میں دوہری شہریت کا حامل شخص موجود نہیں ہوناچاہئے لیکن اپنے اپنے شعبوں میں ماہر بیرون ملک پاکستانیوں سے معاونت حاصل کی جاسکتی ہے۔کابینہ کے فیصلوں میں غیر منتخب ارکان مشورہ دے سکتے ہیں لیکن حتمی فیصلوں پر ان کے دستخط موجود نہیں ہوتے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ آئین وزیراعظم کو ٹیکنیکل معاونت کیلئے معاونین خصوصی رکھنے کی اجازت دیتا ہے،دوہری شہریت کی پابندی صرف رکن پارلیمنٹ کے لئے ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ آئین نے اجازت دی ہے کہ وزیراعظم ٹیکنیکل لوگوں کو معاون خصوصی رکھ سکتے ہیں،ممکن ہے کہ معاونین کے حوالے سے قانون سازی بھی ہوجائے۔رکن پارلیمنٹ کے لئے شرط ہے کہ وہ دہری شہریت نہ رکھتا ہو،اس حوالے سے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں بحث بھی ہوچکی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ کورونا کیسز میں واضح کمی نظر آئی ہے،ہمارے خطے میں بہت سے ممالک کورونا وائرس کے متعلق مشکلات کا شکار ہیں،ہمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کی اشد ضرورت ہے،ایس اوپیز پر عملدرآمد جاری رہا تو معیشت بھی چلتی رہے گی اور عید بھی اچھی گزرے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام ماسک پہن کر رکھیں اور جیسے ہی موقع ملے ہاتھ صابن سے دھوتے رہیں،اس سادہ سی تدبیر پر عمل کرکے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔
شہزاد اکبر، اسد عمر

مزید :

صفحہ اول -