کورونا کیساتھ جینا سیکھناہو گا، عیدالاضحٰی پر ایس او پیز کی خلا ف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی: عثما ن بزدار

  کورونا کیساتھ جینا سیکھناہو گا، عیدالاضحٰی پر ایس او پیز کی خلا ف ورزی ...

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔عوام کورونا وباء کے تناظر میں ایس او پیز کی مسلسل پابندی کریں۔سماجی فاصلے برقرار رکھنے میں ہی عافیت ہے۔انہوں نے کہاکہ عیدالاضحی پر ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ احتیاط کا دامن تھام کر کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔کورونا کب تک رہے گا کوئی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ عیدالاضحی کیلئے جاری ایس او پیزپر سختی سے عملدر آمد کرانے کا حکم دے دیا گیا ہے کیونکہ احتیاط ہی میں سلامتی اور تحفظ ہے اورانتظامی اقدامات کے ذریعے عید الاضحی کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سب نے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہے۔متعلقہ ادارے اور محکمے کئے جانے والے اقدامات اور گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔ حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ سرکاری ہدایت نامے پر عملدرآمد سے کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔ جتنی احتیاط کریں گے اتنا ہی شہری محفوظ رہیں گے- وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا شہید کے اہل خانہ کو آج ٹیلی فون کیااور کورونا سے ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کی شہادت پر اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا-وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا شہید کی شعبہ طب اور تدریس میں گراں قدر خدمات کو عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے لیے ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا شہید نے فرنٹ لائن پر مثالی خدمات سرانجام دیں اور ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا شہید کی خدمات پر انہیں اعلیٰ سول قومی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا شہید کے لواحقین کو شہید پیکج دیا جائے گا اورشہید کے اہل خانہ کے لئے سرکاری رہائش کی سہولت برقرار رہے گی۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -