فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست کی سماعت، حکومتی رکن اسمبلی کی طرف سے عدم پیشی پر یکطرفہ کارروائی کا عندیہ

فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست کی سماعت، حکومتی رکن اسمبلی کی طرف سے عدم ...

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی نااہلی کیلئے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے سے متعلق جواب طلب کرلیا،الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو حکم دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ سماعت پر جواب جمع کراکے دلائل دیں،اگرفیصل واوڈا کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا تو یکطرفہ کارروائی کریں گے ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا نااہلی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی ،فیصل واوڈا کی جانب سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوا،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ فیصل واوڈا کی جانب سے 2 جون کو کیس خارج کرنے کی درخواست کی گئی تھی،اس حوالے سے درخواست گزاروں نے کوئی جواب جمع نہیں کرایا،درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ گزشتہ سماعت پر فیصل واوڈا کی درخواست کی کاپی نہیں دی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آپ کو وقت دیتے ہیں، آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائیں،اگلی تاریخ میں تمام جواب جمع کرائے جائیں، الیکشن کمیشن نے درخواستگزاروں سے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق جواب طلب کرلیا،الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو بھی نوٹس جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو حکم دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ سماعت پر جواب جمع کراکے دلائل دیں،اگرفیصل واوڈا کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا تو یکطرفہ کارروائی کریں گے ،الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈ کی نااہلی سے متعلق درخواست 10 اگست تک ملتوی کردی۔

مزید :

قومی -علاقائی -اسلام آباد -