کورونا دنیا کو پھر جکڑنے لگا، ایک دن میں ریکارڈ کیسز
پیرس، لندن، واشنگٹن، تہران، ریاض (ویب ڈیسک) کورونا دنیا کو پھرجکڑنے لگا، ایک دن میں ریکارڈ2 لاکھ 60 ہزار نئے مریض سامنے آگئے، مجموعی کیسز ایک کروڑ 43 لاکھ ، ہلاکتیں 6لاکھ 2ہزار، فلوریڈا میں 12ہزار ،سعودی عرب میں ڈھائی ہزار نئے مریض،سب سے زیادہ کیسز امریکا، برازیل، بھارت اور جنوبی افریقہ میں ریکارڈ ، ترکی نے ایران کیلئے پروازیں معطل کردیں، ہانگ کانگ کاکہناہےکہ وائرس کنٹرول سے باہر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں ایک روز میں کورونا کے 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے جو کہ ابتک کی ایک روز کی سب سے زیادہ تعداد ہے،سب سے زیادہ کیسز امریکا، برازیل، بھارت اور جنوبی افریقہ میں ریکارڈ کیے گئے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق 10 مئی کے بعد سے اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ 7360ہلاکتیں بھی ریکارڈ کی گئیں۔امریکا میں ان ریاستوں میں کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جو لاک ڈاﺅن کے حوالے سے غیر سنجید ہ تھیں یا وہاں ماسک پہننے کو اہمیت نہیں دی گئی جب کہ برازیل میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی اقدامات سیاست زدہ رہے اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کیسز کی تعداد میں کمی کے اعلان کے باوجود وہاں اب کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اس کے علاوہ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ بھارت جو کہ اب بھی دنیا میں سب سے زیادہ کیسز کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے، وہاں کورونا وائرس کا پیک آنا ابھی باقی ہے۔بھارت میں ہفتے کے روز 34 ہزار 884 کیسز اور 671 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔
جنوبی افریقا میں بھی ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے اور جنوبی افریقہ پورے افریقی خطے میں سب سے زیادہ کیسز والا ملک بن گیا ہے۔امریکا میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 40 سے تجاوز کرگئی ہے،امریکا میں جون کے اواخر میں کیسز اور اموات میں اضافہ شروع ہوا تھا جو اب تک جاری ہے۔
امریکا میں ہر ہفتے 5 ہزار افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہورہے ہیں جبکہ ہمسایہ ملک کینیڈا میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 8 ہزار 800 ہیں،امریکی ریاست فلوریڈا میں مزید 12 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ افریقی ملک نائجیریا کے وزیرِ خارجہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔ انھوں نے یہ اعلان اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے کیا۔نائجیریا میں اب تک 778 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 36107 اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 504 کیسز رپورٹ ہوگئے۔
وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ 3ہزار 517افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو رخصت ہوگئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 39 وائرس سے متاثرہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار 920 وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جس میں سے 1 لاکھ 97 ہزار 735 صحتیاب ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر اب تک 2 ہزار 486 متاثرین جاں بحق ہوچکے ہیں۔
فرانس میں عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے شہریوں پر 154 ڈالر جرمانہ ہوگا ،میلبرن میں بھی ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران میں مزید 209 اموات ہوئی ہیں جبکہ 2182 نئے مریض بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد ترکی نےایران کےلئے پروازیں معطل کردیں۔
ادھر ہانگ کانگ کی لیڈر کیری لیم نے کہا ہے کہ ابھی یہاں وائرس کنٹرول میں نہیں، ان کا یہ بیان اتوار کو 100 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد آیا ہے۔روس میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 6 ہزار 109 نئے کیسز اور 95 اموات سامنے آئیں۔
روس کے کورونا وائرس بحران کے جوابی مرکز نے بتایا کہ ملک بھر میں انفیکشن کی تعداد 7 لاکھ 71 ہزار 546 اور ہلاکتوں کی تعداد اب 12 ہزار 342 ہے ہوچکی ہیں۔چیک ریپبلک کے وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق نئے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 4 ہزار 764 ہوچکی ہے۔افغان محکمہ صحت نے ملک میں مزید 60 کورونا کیسز کی تصدیق اور بتایا ہے کہ 24 گھنٹوں میں 17 مزید ہلاک ہوئے ہیں۔