سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ نے بھی مقدمہ درج کرا دیا
ممبئی (ویب ڈیسک) سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ نے انسٹاگرام پر فحش اور دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے والوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 جولائی کو ریا چکرورتی کو مبینہ طور پر فحش اور دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے تھے، جس کے بعد انہوں نے انسٹا گرام صارفین کی دھمکی کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے حکومت سے مدد طلب کی تھی۔
ریا چکرورتی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد تیار کئے گئے سوشل میڈیا بلاگ پر انھیں یہ دھمکیاں ملی ہیں۔انہوں نے سوشل میڈیا بلاگ پر لکھا تھا کہ مجھے قاتل کہا جاتا ہے، میں خاموش رہی لیکن میری خاموشی کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کوئی مجھے فحش پیغامات بھیجے اور میری عزت لوٹنے کی بات کرے یہ تمام باتیں اب ناقابل برداشت ہو گئی ہیں۔