’’اس پر بات نہیں ہو گی ‘‘وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عامر لیاقت کا استعفیٰ مسترد کردیا

’’اس پر بات نہیں ہو گی ‘‘وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عامر لیاقت کا استعفیٰ ...
’’اس پر بات نہیں ہو گی ‘‘وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عامر لیاقت کا استعفیٰ مسترد کردیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت کا استعفیٰ مسترد کردیا،وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ اس پر بات نہیں ہو گی۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے طویل ملاقات ہوئی،ڈاکٹر عامر لیاقت نے وزیراعظم کو 4صفحات پرمشتمل استعفیٰ پیش کیا،وزیراعظم عمران خان نے عامر لیاقت کا استعفیٰ مستردکردیا،وزیراعظم نے کہاکہ اس پر بات نہیں ہو گی ،پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ میں نے اپنا دل کھول کر وزیراعظم کے سامنے رکھا،وزیراعظم نے کراچی کے مسائل پر آواز بلند کرنے کو سراہا،وزیراعظم نے کہاکہ یہی ایک سیاسی سوجھ بوجھ اور عوم کا درد رکھنے والے رہنما کا کردارہوناچاہئے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت کے بقول وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ تم تحریک انصاف کا اثاثہ ہو،کچھ چھوڑنے کی ضرورت نہیں، تمہاری ضرورت ہے، ہم نے مل کر پاکستان کو فلاحی ریاست بناناہے، اپنے حلقے اور کراچی کےلئے تمہاری آواز کی قدر کرتا ہوں، وہ تمہاری نہیں پی ٹی آئی اور میری آواز تھی،مجھے خوشی ہے کہ عامر تحریک انصاف میں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ جمہوریت میں پارٹی سے مسائل کےلئے اٹھنے والی آوازیں جو نظم و ضبط میں ہوں وہ پارٹی کو آگے لے کر جاتی ہیں ،خوش ہوں کہ تم نے کراچی کی آواز بن کر م سب کی توجہ مبذول کرائی تم جانتے ہو اور تم نے کہا بھی کہ میں کراچی کا ہر مسئلہ اپنا مسئلہ سمجھتا ہوں، ان شا اللہ سب حل ہوجائے گا۔

ڈاکٹر عامر لیاقت کاکہناہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ بجلی،پانی اور بہترین زندگی پاکستان اور بالخصوص کراچی کے ہر شہری کا حق ہے اور یہ حق ہم اس کو دیں گے، عامر، مسائل بہت ہیں، تم ایک سیاسی ذہن رکھنے والے دوست ااور ہارٹی رہنما ہو،تمہیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ذمے داریوں سے تمہیں منہ نہیں موڑنے دوں گا، ساتھ ہواور رہوگے۔

وزیراعظم نے کہاکہ تم نے جتنے مسائل کا ابھی ذکر کیا ہے کے الیکٹرک، پانی اور سیوریج، ترقیاتی منصوبے،رکے ہوئے کام، یہ سب کچھ میرے علم میں ہے اورکراچی میرے لیے سب سے اہم شہر ہے، مجھے یاد ہے تم نے کہا تھا ہم کلین سوئپ کریں گے اور ہم نے کیا، اب ہم مسائل کو کلین سوئپ کریں گے۔

مزید :

قومی -علاقائی -اسلام آباد -