بھارت کو کورونا وائرس کا نیا عالمی مرکز کیوں قرار دیا گیا ہے؟

بھارت کو کورونا وائرس کا نیا عالمی مرکز کیوں قرار دیا گیا ہے؟
بھارت کو کورونا وائرس کا نیا عالمی مرکز کیوں قرار دیا گیا ہے؟

  

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کو کورونا وائرس کا نیا عالمی مرکز قراردے دیا گیاہے۔ بھارت کوہر 20دن بعد متاثرین کی تعداد دگنی ہوجانے کی وجہ سے کورونا کو عالمی سطح پر پھیلانے والا مرکز قرار دیا گیاہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اتوارکو بھارت میں  کورونا وائرس کے 40 ہزار نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی جو اب تک یومیہ تعداد میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق بھارت میں گزشتہ ہفتہ ’مہلک ترین‘ رہا جس میں 230،000 سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہوئی تھی۔ بھارت گزشتہ ہفتے دس لاکھ مریضوں کی حد کو عبور کرکے امریکہ اور برازیل کے بعد دنیا کاتیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن چکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بھارت میں ہر 20 دن میں متاثرین کی تعداد دگنی  ہو رہی ہے جس کی وجہ سے  انڈیا اب عالمی سطح پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کانیا  مرکز  بن چکا ہے۔

بھارتی میڈیا نے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ اس سب کے باوجود یہ بری خبر نہیں ہے کیونکہ اطلاعات کے مطابق پہلی بار اموات کی شرح 2.5 فیصد سے کم ہو گئی ہے۔

وزارت صحت نے کہا کہ یہ عالمی اوسط سے بھی کم ہے اور انڈیا میں ’اموات کی شرح سب سے کم ہے۔‘

اس کے علاوہ قومی دارالحکومت دہلی میں فعال متاثرین میں کمی واقع ہورہی ہے۔

انڈین ایکسپریس اخبار کے مطابق پیر تک شہر میں تقریباً 16،000 فعال متاثرین ہیں۔ اب تک 100،000 سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

یاد رہے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 44 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض کے باعث چھ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں متاثرین کی تعداد ڈھائی لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ ساڑھے پانچ ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ ایک لاکھ 13 ہزار متاثرین کے ساتھ سندھ سب سے متاثرہ صوبہ ہے، سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -