ڈاکوؤں نے ہم سے 10 لاکھ لوٹ لیے، 15 پر کال، پولیس پہنچی تو رقم کتنی ہوگئی؟ جان کر آپ بھی حیران پریشان رہ جائیں
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں ایک مبینہ ڈکیتی کی واردات اس وقت مشکوک ہوگئی جب 15 پر کال کرکے 10 لاکھ کی ڈکیتی کی اطلاع دی گئی لیکن جب پولیس پہنچی تو یہ رقم بڑھ کر 25 لاکھ ہوگئی۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا میں سگریٹ کمپنی کی ڈسٹری بیوشن وین کے عملے نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ درجن سے زائد مسلح ملزمان نے انہیں یرغمال بنا کر ان سے 10 لاکھ روپے لوٹ لیے ہیں۔ پولیس موقع پر پہنچی تو وین کے عملے نے دعویٰ کیا کہ ان سے 25 لاکھ روپے لوٹے گئے ہیں، یہ رقم وہ بینک میں جمع کرانے جارہے تھے۔
ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ کے مطابق جس وین کے عملے کے ساتھ واردات ہوئی اس کے ساتھ مسلح سکیورٹی گارڈ بھی موجود تھا لیکن حیران کن طور پر اس نے مزاحمت نہیں کی۔ اس طرح کی وارداتوں میں ڈاکو اسلحہ بھی لوٹ لیا کرتے ہیں لیکن سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ بھی نہیں چھینا گیا اور نہ ہی اس نے ڈاکوؤن کے بھاگنے پر فائرنگ کی۔ پولیس نے معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔