متحدہ عرب امارات نے خلاءکا سفر شروع کردیا، تمام عرب دنیا پر بازی لے گیا
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات اپنا مریخ پر جانے کا خلائی مشن شروع کرکے عرب دنیا پر سبقت لے گیا ہے۔ امارات کے اس خلائی مشن کا نام ’ہوپ‘ ہے جو جاپان کے تانیگا شیما خلائی اڈے سے روانہ کیا گیا۔ یہ مشن 7ماہ کا سفر طے کرنے کے بعد مریخ کے مدار میں پہنچے گا۔ یہ مشن قبل ازیں 15جولائی کو روانہ ہونا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق مشن ’ہوپ‘ میں روبوٹک خلائی جہاز مریخ کی طرف روانہ کیا گیا ہے جو 50کروڑ کلومیٹر طویل سفر کرنے کے بعد فروری 2021ءمیں متحدہ عرب امارات کے قیام کی 50ویں سالگرہ پر مریخ تک پہنچے گا۔ ہوپ رواں سال مریخ پر بھیجے جا رہے 3خلائی مشنز میں سے ایک ہے۔ امریکہ اور چین بھی اپنے جلد خلائی مشنز مریخ کے لیے روانہ کرنے والے ہیں اور ان کی خلائی گاڑیاں تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔