وقوف عرفہ کے بعد حجاج کرام مزدلفہ پہنچ گئے، آج صبح منیٰ روانہ ہوں گے

وقوف عرفہ کے بعد حجاج کرام مزدلفہ پہنچ گئے، آج صبح منیٰ روانہ ہوں گے
وقوف عرفہ کے بعد حجاج کرام مزدلفہ پہنچ گئے، آج صبح منیٰ روانہ ہوں گے
سورس: Twitter

  

جدہ ( محمد اکرم اسد) میدان عرفات “یومِ عرفہ” کے موقع پر “لبیک اللھم لبیک” کی تلبیہ سے گونجتا رہا، ہر طرف ایک ہی لباس یعنی دو سفید چادروں میں ملبوس حجاج کرام اور ایک ہی آواز “ حاضر ہوں اے میرے اللہ میں حاضر ہوں” سنائی دی۔ صبح صادق کے بعد ہی قافلے وقوف عَرفہ میں شریک ہونے کے لیے میدان عرفات کی طرف رواں دواں رہے، جہاں ایس او پیز کے تحت تیار کردہ خیمے ان کے منتظر تھے۔ عازمین حج نے یہیں سارا دن گزارا اور اذکار و تسبیح میں مصروف رہے۔

مسجد نمرہ میں شیخ بندر بن عبدالعزیز نے ایمان افروز خطبہ حج دیا اور دو علیحدہ علیحدہ تکبیروں کے ساتھ قصر کر کے نماز ظہر اور عصر کی امامت کی۔ حجاج نے اس اہم موقع کی مناسبت سے ایک دوسرے کو حج کی مبارکباد پیش کیں جبکہ بہت سوں نے جبل رحمت کا رخ کیا اور اللہ کے حضور خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں کرتے رہے ۔عصر کے وقت کے بعد ان دعاؤں میں اور تیزی آگئی اور بہت رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ حجاج کرام دنیا و مافیہا سے بے نیاز اپنے سچے رب کے حضور گِڑ گڑاتے رہے۔ 

غروب آفتاب کے ساتھ ہی حجاج کے قافلے مزدلفہ کی طرف روانہ ہو گئے جہاں انہوں شیطانوں کو مارنے کے لیے کنکریاں چنیں اور قصر کر کے نماز مغرب و عشاء ادا کی ۔ آج منگل کی صبح حجاج کرام منیٰ کی طرف روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ رمی کریں گے اور قربانی کر کے بال کٹوا کر احرام کھول دیں گے، جس کے بعد وہ مکہ مکرمہ جا کر خانہ کعبہ کا طواف کریں گے۔

مزید :

عرب دنیا -روشن کرنیں -