پی پی 125 جھنگ سے بطور آزاد امیدوار ضمنی الیکشن لڑنے والے سابق ایم پی اے افتخار بلوچ پر مسلح افراد کا وحشیانہ تشدد، ویڈیو وائرل ہوگئی

جھنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 125 جھنگ سے حالیہ ضمنی انتخابات میں بطور آزاد امیدوار حصہ لینے والے سابق ایم پی اے افتخار بلوچ کو مسلح ملزمان کی طرف سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افتخار بلوچ اپنی گاڑی میں جا رہے ہوتے ہیں کہ دو کاروں میں سوار مسلح افراد آکر ان کی گاڑی روکتے اور ان پر بیہمانہ تشدد کرنا شروع کردیتے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افتخار بلوچ ملزمان سے بار بار پوچھ رہے ہیں کہ ان پر تشدد کی وجہ کیا ہے لیکن ملزمان انہیں مارتے رہتے ہیں۔
ملزمان کی جانب سے افتخار بلوچ پر نہ صرف تشدد کیا گیا بلکہ ان کے کپڑے پھاڑ کر انہیں برہنہ بھی کردیا گیا۔ وہ ملزمان کو دہائی دیتے رہے کہ وہ مریض ہیں لیکن تشدد کرنے والوں نے ان کی ایک نہ سنی ۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی آفس نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جھنگ کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا ہے۔ ڈی پی او جھنگ نے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جلد ہی ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پی پی 125 جھنگ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار اعظم چیلہ نے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ افتخار بلوچ سات ہزار 497 ووٹ لے کر یہاں تیسرے نمبر پر رہے تھے۔