کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان حکومت نے مالی سال 14-2013ء کا 198 ارب 39 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کردیا ہے جس کے مطابق امن و امان کیلئے 16 ارب 23 کروڑ روپے اور تعلیم کیلئے 34 ارب 89 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ بجٹ تقریر میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح صرف اور صرف بلوچستان کے عوام کی بلاتفریق رنگ ونسل خدمت ہے، وہ کرپشن کے خلاف منظم جدوجہد کریں گے اور تعلیم کے فروغ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شمسی توانائی اور دوبارہ قابل استعمال توانائی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، بلوچستان کے عوام کیلئے وفاق سے وسائل اور ملازمتوں کامنصفانہ حصول یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں گریڈ ایک سے 16 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ اور گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے جبکہ تنخواہوں کی مد میں تقریباً 4 ارب 16 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔