دو رکنی قومی جوڈو ٹیم گرینڈ پریکس میں شرکت کیلئے ہنگری روانہ
لاہور( سپورٹس رپورٹر)دو رکنی قومی جوڈو ٹیم گرینڈ پریکس میں شرکت کیلئے ہنگری روانہ ہوگی۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود احمد خان کے مطابق گرینڈ پریکس 20 سے 23 جون تک ہنگری کے شہر بڈا پسٹ میں کھیلا جائے گا اور ایونٹ میں شرکت کیلئے شاہ حسین شاہ بطور کھلاڑی جبکہ کرنل طارق ممشاد بودلا بطور منیجر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم 19جون کو ہنگری روانہ ہوگی۔ سیکرٹری نے کہا کہ یہ ایونٹ برازیل میں ہونے والے اولمپکس کی تیاری کیلئے پری کوالیفیکشن راﺅنڈ ہے جس میں رینکنگ کی بہتری کی بنیاد پر اولمپکس کیلئے کولیفائی کیاجائیگا۔
انہوں نے کہاکہ ایونٹ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ گرینڈ پریکس میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کرے گی۔