15کمپنیوں نے 176ارب 31کروڑ روپے کا بعداز ٹیکس منافع کمایا

15کمپنیوں نے 176ارب 31کروڑ روپے کا بعداز ٹیکس منافع کمایا

  

                                                                                           اسلام آباد (اے پی پی) کراچی سٹاک ایکسچینج(کے ایس ای) میں لسٹڈ557 کمپنیوں میں سے 15 کمپنیوں نے رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران 176 ارب 31 کروڑ روپے کا بعد از ٹیکس منافع کمایا ہے۔ قومی اقتصادی سروے 2013-14ءکے مطابق ان کمپنیوں کا خالص شدہ منافع مجموعی لسٹڈ کیپیٹل کا 15.29 فیصد بنتا ہے جبکہ صرف دو کمپنیوں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل) اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ( پی پی ایل) نے 132ارب 73کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا ہے۔ او جی ڈی سی ایل کا شمار کے ایس ای میں لسٹڈ کمپنیوں میں سے سب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2013-14ءکے دوران او جی ڈی سی ایل نے اکیلے تقریباً10کمپنیوں کے منافع سے تقریباً50فیصد زائد خالص منافع حاصل کیا ہے جو91 ارب 78کروڑ روپے بنتا ہے۔ اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مطابق کے ایس ای میں سب سے زیادہ منافع کمانے والی 15 بڑی کمپنیوں میں دوسری بڑی کمپنی کے طور پر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کا منافع 41 ارب 95 کروڑ روپے رہا جبکہ مسلم کمرشل بینک لمیٹڈ اس حوالے سے تیسرے نمبر پر رہا جس نے دس ماہ کے دوران 21ارب 50 کروڑ روپے اور حبیب بینک لمیٹڈ نے 23 ارب 30 کروڑ روپے کا بعد از ٹیکس منافع کمایا ہے۔ اسی طرح فوجی فرٹیلائزر نے 20 ارب13کروڑ، پی او ایل نے 10ارب83کروڑ روپے ، نیشنل بینک آف پاکستان نے 5ارب50کروڑ اور لکی سیمنٹ نے 9ارب71 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کراچی سٹاک ایکسچینج میں 557 لسٹڈ کمپنیوں میں سے 15 کمپنیاں مارکیٹ میں بطور لیڈر کام کررہی ہیں جو ٹریڈنگ کی ترجیحات متعین کرنے میں اہم کردار کی حامل ہیں کیونکہ سرمایہ کار پرکشش منافع کمانے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

مزید :

کامرس -