طاہرہ آصف کا قتل :سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور، قومی اسمبلی میں دعائے مغفرت

طاہرہ آصف کا قتل :سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور، قومی اسمبلی میں دعائے ...
طاہرہ آصف کا قتل :سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور، قومی اسمبلی میں دعائے مغفرت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )سندھ اسمبلی کے اجلاس میں طاہرہ آصف کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا، متحدہ قومی موومنٹ نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔تفصیلا ت کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہواجس میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے قتل کے خلاف ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی بازﺅں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے۔ اجلاس میں طاہرہ آصف اور نصراللہ شجیع اور سیہون میں جاں بحق ہونیوالوں کے لئے دعا مغفرت کی گئی۔ ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن نے طاہرہ آصف کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی۔ پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کونسی جمہوریت ہے جس میں ماو¿ں اور بہنوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جائے، طاہرہ آصف کا قتل بربریت کی علامت ہے، وہ پنجاب کی بہادر بیٹی تھیں۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محمد حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے طاہرہ آصف کے معاملے پر سرد مہری کا مظاہرہ کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ طاہرہ آصف کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مسلم لیگ ن کے رکن سندھ اسمبلی عرفان اللہ مروت نے کہا کہ تصدیق سے پہلے کسی پر الزام لگانا درست نہیں ہے ۔ ایوان نے طاہرہ آصف کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی طاہرہ آصف کے قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی سے واک آﺅٹ کرگئے اور اسمبلی کے باہر بھی احتجاج کیا۔دریں اثناءقومی اسمبلی کا اجلاس سپیکرسردار ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں ہواجس میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ، ایم کیو ایم کے اراکین نے طاہرہ آصف کی وفات پر کالی پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شرکت کی۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی شیخ صلاح الدین نے کہا کہ تین روز سے طاہرہ آصف کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں، طاہرہ آصف کو حق پرستی کی سزا دی گئی، دہشت گردوں نے ایک اور شمع گل کر دی، انہوں نے طاہرہ آصف کی وفات پر 3 روز سوگ کا اعلان بھی کیا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پنجاب حکومت طاہرہ آصف کے قاتلوں کو بے نقاب کرے۔ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ پنجاب حکومت طاہرہ آصف کے قاتلوں کو گرفتار کرے گی۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -