چمپیئنزکا لاہور، کراچی و اسلام آباد ایئر پورٹس پرریڈ کارپٹ استقبال

چمپیئنزکا لاہور، کراچی و اسلام آباد ایئر پورٹس پرریڈ کارپٹ استقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور، کراچی،اسلام آباد (جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیم کے شاہینوں کی وطن واپسی کے موقع پر لاہور،کراچی اور اسلام آباد آمد پر انکا ریڈ کارپٹ استقبا ل کیا گیا ۔لاہور میں وز یر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خود علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پرقومی ہیروز جن میں مین آف دی سیریز حسن علی، فہیم اشرف، بابر اعظم اور احمد شہزاد شامل تھے کا استقبال کرنا تھا تاہم سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث عین وقت پر انکی ایئر پورٹ آمد ملتوی کر دی گئی ، تاہم صوبائی وزراء میئر لاہور سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا استقبال گورنر سندھ محمد زبیر اور میئر کراچی وسیم اختر نے کیا اورقومی ہیروز کو قائد اعظم انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سندھ حکومت کی جانب سے وی وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا ،اسلام آباد میں بے نظیر ائیر پورٹ پر قومی ہیروز عماد ،وسیم ، شاداب اور دیگر شاہینوں کو میئر راولپنڈی اور دیگر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا اور گلدستے پیش کئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں قومی ٹیم کے 4چمپیئنز رات اڑھائی بجے اماراتی ائرلائن کے ذریعے لاہور ائر پورٹ پر اترے، ائر پورٹ کے باہر عوام کا جم غفیر انکی ایک جھلک دیکھنے کیلئے موجود تھا ۔ادھر چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل جیتنے والے کپتان سرفراز احمد اور دیگر شاہین منگل کی صبح کراچی ائیر پورٹ پر پہنچے توشاندار استقبال سمیت وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا اور کپتان کو پورے اعزاز کیساتھ گھر لے جایا گیا، اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ،جبکہ سندھ پولیس کے بینڈ نے سرفرازاحمد کو گھر کے باہر سلامی پیش کی ۔ اس موقع پرتینوں شہروں میں عوام نے نے قومی ہیروز کے گزرنے والے راستوں پر کھڑے ہو کر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ، پاکستان ، قومی ٹیم زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ،تینوں شہروں میں شاہینوں کا استقبال دیدنی تھا ۔استقبال اور اس سے متعلق دیگر تفصیلی خبریں سپورٹس پیج پرپڑھیں ۔

مزید :

صفحہ اول -