ہیلتھ پروگرام کے تحت ایبٹ آباد میں 30 ہزار 5 سو 21 ہیلتھ کارڈز کا اجراء

ہیلتھ پروگرام کے تحت ایبٹ آباد میں 30 ہزار 5 سو 21 ہیلتھ کارڈز کا اجراء

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ایبٹ آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ، ریگولیشنر اینڈ کوآرڈنیشن سائرہ افضل تارڑ نے ضلع ایبٹ آباد میں وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کے اجراء کے موقع پر کہا ہے کہ ایبٹ آباد کے 30 ہزار 5 سو 21 خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جا رہا ہے ،پہلے مرحلے میں اس پروگرام پر 60 اضلاع پر عملدرآمد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا جس سے 3.1ملین خاندانوں کو طبی سہولیات کی مفت فراہم کی جا رہی ہیں،موجودہ مالی سال میں پروگرام میں 26اضلاع کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے مزید 18ملین خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا،انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ سروسز پروگرام کے تحت اسلام آباد سمیت دیامیر،باجوڑ ایجنسی،خانیوال،نارووال،کوہاٹ،ٹھٹھہ،سجاول اور سرگودھا وغیرہ میں عوام کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے مختلف شہروں کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب تک 21اضلاع اور شہروں میں کل 188296خاندانوں نے رجسٹریشن کروائی ہے جن میں سے 110,2.259خاندانوں کا پروگرام میں اندراج مکمل ہو گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کھوکھلے نعرے لگانے اور بلاجواز تنقید کرنے والوں سے کہتی ہوں کہ وہ سوشل میڈیا اور فیس بک سے نکل کر عوام کی طرف دھیان دیں اور عوام کی خدمت کریں جس طرح وز یر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے او ر معاشی طور پر مضبوط ہو چکا ہے۔ جبکہ یہ سازشی عناصر اپنے اوچھے ہتھکنڈوں میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ یہ سازشی عناصر جو ملک کی ترقی کا راستہ روک رہے ہیں ان کے ارادے ناکام ہوں گے، ہماری حکومت عملی کام اور کارکردگی پر یقین رکھتی ہے جو سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے وہ میاں نواز شریف سے بے حد پیار کرتے ہیں۔ آئیندہ الیکشن میں ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انشااللہ خیبر پختونخواہ میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کریں گے۔ وزیر قومی صحت نے کہا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں امن و امان اور معیشت کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان کی تقدیر کو بدلنا ہے تو میاں نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم نیشنل ہیلتھپروگرام عام بیماریوں کے داخلی علاج بشمول بچوں کی بیماریاں ، زچگی ، سرجیکل اور دیگر بیماریوں کو کور (Cover) کرے گا جن کی لاگت 50,000روپے فی خاندان سالانہ ہو گی۔ اس پروگرام کے تحت داخلی امراض کے علاج جن میں بائی پاس، انجیو پلاسٹی، جل جانے والے افراد، کینسر اور ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انسولین شامل ہے ان افراد کیلئے 250,000روپے فی خاندان سالانہ خرچ کئے جائیں گے۔ ان جملہ بیماریوں کیلئے فنڈ وفاقی حکومت ادا کرے گی۔وزیر قومی صحت نے کہا کہ پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور ان کو مزید غربت کے اندھیروں میں جانے سے بچانا ہے جس کی وجہ علاج معالجہ پر آنے والے اخراجات ہیں۔

مزید :

علاقائی -