مہاجرین کی مہان نوازی میں ترکی، پاکستان اور لبنان سرفہرست ہیں، اقوام متحدہ کا انکشاف

مہاجرین کی مہان نوازی میں ترکی، پاکستان اور لبنان سرفہرست ہیں، اقوام متحدہ ...

جنیوا(آن لائن) اقوامِ متحدہ نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پناہ گزینوں اور بے گھروں کو پناہ فراہم کرنے میں ترکی پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وقت 29 لاکھ کے لگ بھگ افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔ 14 لاکھ افراد کو پناہ دے کر پاکستان کا دوسرا نمبر ہے جبکہ لبنان میں 10 لاکھ پناہ گزین مقیم ہیں۔اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے پناہ گزین کی جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں لگ بھگ 6 کروڑ 50 لاکھ افراد یا تو کسی غیر ملک میں پناہ گزین ہیں، پناہ کی تلاش میں ہیں یا پھر خراب حالات کے باعث اپنی اصل رہائشگاہ چھوڑ کر اپنے ہی ملک میں کہیں اور رہنے پر مجبور ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2014 اور 2015 کے درمیان پناہ گزینوں اور بے گھر ہونے والوں کی عالمی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جو تقریبا 50لاکھ رہا جبکہ 2015سے 2016 کے دوران یہ اضافہ 3لاکھ رہالیکن پناہ گزینوں سے متعلق اقوامِ متحدہ کے کمیشن کے سربراہ فلیپو گرینڈے کہتے ہیں کہ اس صورتِ حال کو خوش آئند نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ حالات کو درستگی کی طرف اسی وقت مائل تصور کیا جائے گا جب بے گھروں اور پناہ گزینوں کی تعداد میں کمی ہوگی۔ اسی بنیاد پر انہوں نے عالمی طور پر بے گھر افراد کی اتنی بڑی تعداد کو عالمی سفارت کاری کی بد ترین ناکامی بھی قرار دیا ہے۔اس ادارے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ساری دنیا میں مجموعی طور پر 6 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہیں جن میں سے لگ بھگ 2 کروڑ 25 لاکھ لوگ کسی دوسرے ملک میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ مزید 4کروڑ افراد ایسے ہیں جو اپنے ہی وطن میں بے گھر ہیں اور اپنا اصل رہائشی علاقہ چھوڑ کر کسی اور جگہ رہنے پر مجبور ہیں۔ان سب کے علاوہ 28 لاکھ لوگ دوسرے ملکوں میں پناہ کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں یعنی انہیں کسی ملک نے بھی پناہ گزین کی حیثیت سے قبول نہیں کیا ہے۔سب سے زیادہ پناہ گزینوں کا تعلق شام سے ہے اور ان کی تعداد 55لاکھ ہے۔ 25لاکھ اور 14لاکھ پناہ گزینوں کے ساتھ افغانستان اور جنوبی سوڈان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

مزید : صفحہ آخر


loading...