سینئر وزیر برائے سماج بہبود وآبپاشی کے زیر صدارت اجلاس

سینئر وزیر برائے سماج بہبود وآبپاشی کے زیر صدارت اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کی سینئر وزیر برائے سماجی بہبود و آبپاشی سکندر حیات خان شیرپاؤ کی زیرِ صدارت محکمہ سماجی بہبود کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سماجی بہبود جبا ر شاہ، ڈائریکٹر محمد نعیم کے علاوہ محکمہ ہائے داخلہ ، خزانہ اور ریونیو کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں صوبہ بھر میں رضاکارانہ طور پر کام کرنے والی سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن/ غیر سرکاری تنظیموں کیلئے صوبائی کونسل کی طرف سے گرانٹ ان ایڈ کی فراہمی سے متعلق تفصیلی غور وغوض کیا گیا اور مختلف تجاویز پر تفصیلی بحث ہوئی ۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نے محکمہ کے حکام کو ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا کہ جن تنظیموں کی آڈٹ رپورٹ نا مکمل ہوں انہیں آئندہ گرانٹ کی فراہمی کیلئے ایجنڈ ا میں شامل نہ کریں۔ انہوں نے تمام تنظیموں کی سالانہ بینک سٹیٹمنٹس ، مسلسل مانیٹرنگ اور کارکردگی کی بنیا د پر گرانٹ ان ایڈ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ سینئر صوبائی وزیر نے محکمہ سماجی بہبود کے ضلعی افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ان تنظیموں کی کارکردگی پر نظر رکھیں جنہیں حکومت قومی خزانے سے امداد فراہم کر رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی ہو سکے۔ سکندر شیرپاؤ نے محکمہ کے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ گرانٹ ان ایڈ کیلئے وضع کر دہ پروفارمہ کو مزید بہتر بنائیں اور تمام کارکردگی کو شفاف بنانے کیلئے ایسی پالیسی وضع کریں جس کے تحت ہر عمل مختلف طریقوں سے تصدیق کے مراحل سے گزرے۔ اجلاس میں صوبہ بھر سے گرانٹ ان ایڈ کیلئے محکمہ کو دی گئی درخواستوں میں سے 26تنظیموں کیلئے امدادی رقوم کی منظوری دی گئی جبکہ بعض تنظیموں کی درخواستوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر انہیں موٗخر کر دیا گیا، اس سلسلے میں سینئر صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ان درخواستوں کو جلد از جلد مکمل کر کے دوبارہ زیرِ غورلائیں تاکہ تمام دستیاب فنڈز کو جلد از جلد عوامی مفادات کیلئے مختلف تنظیموں کے مروجہ قوانین کے تحت فراہم کیا جاسکے۔