کوہاٹ ،والی بال میچ کھیلنے کے دوران ہوائی فائرنگ میں کانسٹیبل گرفتار

کوہاٹ ،والی بال میچ کھیلنے کے دوران ہوائی فائرنگ میں کانسٹیبل گرفتار

کوہاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ کے علاقہ ڈھوڈہ شریف میں والی بال میچ کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے پولیس کانسٹیبل محسن خان کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ہوائی فائرنگ کے ارتکاب جرم میں زیر حراست کانسٹیبل کے خلاف تھانہ بلی ٹنگ میں مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ کے نواحی علاقہ ڈھوڈہ شریف میں مقامی ٹیموں کے مابین منعقدہ والی بال نائیٹ ٹورنامنٹ کے جاری میچ میں کھلاڑیوں کے درمیان رونما ہونے والی چپقلش کے دوران مقامی رہائشی پولیس کانسٹیبل محسن خان نے بے جا مداخلت کرتے ہوئے پستول نکال کر ہوائی فائرنگ کی اور ٹورنامنٹ انتظامیہ وکھلاڑیوں کو دھمکاتے ہوئے زبردستی میچ بند کروایا۔اس خبر کی سوشل میڈیا پر آنے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاویداقبال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا جس پرعملدرآمد کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ بلی ٹنگ طاہر نواز نے پولیس نفری کے ہمراہ اچانک چھاپہ مار کر ملزم پولیس کانسٹیبل محسن خان کو ڈھوڈہ کے علاقے سے گرفتار کرلیا ۔پولیس نے زیرحراست ملزم کے قبضے سے تیس بور پستول بمعہ31عدد کارتوس برآمد کرکے انہیں بعدازاں تھانہ بلی ٹنگ منتقل کرکے پابند سلاسل کردیااور اسکے خلاف ہوائی فائرنگ کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس ذرائع کے بقول ہوائی فائرنگ کے ارتکاب جرم میں گرفتار کانسٹیبل کا تعلق ڈھوڈہ شریف سے ہے جو تھانہ جرما میں جنرل ڈیوٹی پرتعینات تھا ۔ڈی پی او کوہاٹ جاویداقبال نے پولیس کاروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کردیاہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اور قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں اس امر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی بالا دستی کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا اور ارتکاب جرم کرنے والاچاہے کوئی بھی ہوقانون کی عملداری کو یقینی بناتے ہوئے ہر کسی کیساتھ بلا امتیازاور مناسب قانونی کاروائی میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے ارتکاب جرم میں گرفتار پولیس کانسٹیبل کو فوری طورپر معطل کرکے اسکے خلاف بھر پور قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے اور واقعہ کی محکمانہ تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...