افغانستان میں بم دھماکا اور فائرنگ، جج اور8سیکیورٹی اہلکار ہلاک، متعدد زخمی
کابل(ڈیلی پاکستان آن لائن ) افغانستان کے مختلف علاقوں میں بم دھماکے اور فائرنگ کے باعث جج سمیت بگرام ایئربیس کے 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ پروان کے ضلع بگرام میں نامعلوم افراد کے حملے میں امریکی فوجی ہوائی اڈے کے 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب مشرقی صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں بم دھماکے کے نتیجے میں جج ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ جج کی گاڑی میں نصب مقناطیسی بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں جج اور ان کے 2بھائی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جج شیر رحمان ہلاک ہوگئے۔اب تک ان دونوں حملوں کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
صوبائی گورنر کی ترجمان واحدہ شاہکار نے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی کےلئے بگرام جارہے تھے کہ راستے میں ان کے قافلے کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ بگرام ایئرفیلڈ افغانستان میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ بھی ہے۔