پٹھان کوٹ ایئر بیس حملہ، انکوائری رپورٹ منظر عام پر آگئی، ایئر کموڈور جے ایس دھاموں ذمہ دار قرار، عہدے سے فارغ

پٹھان کوٹ ایئر بیس حملہ، انکوائری رپورٹ منظر عام پر آگئی، ایئر کموڈور جے ایس ...
پٹھان کوٹ ایئر بیس حملہ، انکوائری رپورٹ منظر عام پر آگئی، ایئر کموڈور جے ایس دھاموں ذمہ دار قرار، عہدے سے فارغ

  


نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کی پٹھان کوٹ ایئر بیس پر گزشتہ سال جنوری میں ہونے والے حملے کی تحقیققات مکمل کرلی گئی ہیں۔ انکوائری رپورٹ میں حملے کے وقت ایئر بیس کے کمانڈر کے طور پر تعینات ایئر کموڈور جے ایس دھاموں کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ دیگر کئی فوجی اہلکاروں کو بھی مختلف قسم کی سزائیں دی جائیں گی۔

بھارتی اخبار انڈیاٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2 جنوری کو بھارتی ایئر فورس کی پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملہ ہوا تھا ۔ نامعلوم حملہ آوروں کے حملے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز کی پانچ کورز نے آپریشن میں حصہ لیا اور ایئر بیس کلیئر کرانے میں انہیں تین دن لگے۔ اس دوران بھارتی سیکیورٹی فورسز کے 7 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔

پٹھان کوٹ حملہ، بھارتی وزارت خارجہ پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے پر بضد، اپنی ہی ایجنسی کا بیان مسترد کر دیا

پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے فوری طور پر واقعے کی انکوائری کرنے کا حکم دیا ۔ یہ انکوائری ایئر وائس مارشل امیت دیو کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے کی ہے جس میں حملے کی سب سے بڑی وجہ ایئر بیس حکام کی غفلت اور بنیادی سیکیورٹی پروٹوکولز فالو نہ کرنے کو قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے ایئر بیس پر حملے کیلئے وہ راستہ اختیار کیا جسے انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔ 2 جنوری کو ہونے والے حملے سے کچھ عرصہ پہلے ہی ایک ذہنی معذور شخص اسی راستے کے ذریعے ایئر بیس کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملے سے پہلے واضح انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوگئی تھیں لیکن ایئر بیس کمانڈر جے ایس دھاموں کی طرف سے کسی قسم کی توجہ نہیں دی گئی ۔

پٹھان کوٹ حملے میں پاکستانی حکومت یا ایجنسی کی سازش کے کوئی شواہد نہیں ملے،بھارت،پاکستان کا موقف درست ثابت ہوا:پاکستانی دفتر خارجہ

انکوائری میں پٹھان کوٹ کی سیکیورٹی کو انتہائی ناقص قرار دیا گیا ہے اور اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ 2 ہزار ایکڑ پر پھیلی ایئر بیس میں جابجا بے ہنگم طریقے سے پھیلے ہوئے درختوں اور جھاڑیوں نے حملہ آوروں کیلئے بہت ہی آسانی پیدا کردی اور وہ چھپنے میں کامیاب رہے۔ ایئر بیس کی سیکیورٹی ان رسیوں سے بھی بے خبر رہی جو حملے سے کافی روز پہلے ہی ایئر بیس کی دیوار پر لٹکا دی گئی تھیں تاکہ صحیح وقت آنے پر اندر گھسا جا سکے جبکہ ان رسیوں کے ساتھ حملہ آوروں نے کپڑے اور کھانا بھی پہلے ہی پہنچا دیا تھا۔

انکوائری رپورٹ مکمل ہونے کے بعد حملے کے وقت پٹھان کوٹ ایئر بیس کے کمانڈر رہنے والے  ایئر کموڈور جے ایس دھاموں کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے جبکہ دیگر سینکڑوں اہلکاروں کو مختلف قسم کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں ۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں


loading...