اوورسیزپاکستانیوں کے مقدمات کو فاسٹ ٹریک پر سنا جائے گا:چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے خوشخبری سنا دی

Jun 20, 2017 | 09:54 PM

لاہور ( نامہ نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ اوورسیزپاکستانیوں کے مقدمات کو فاسٹ ٹریک پر سنا جائے گا۔

ملک کے کسی بھی حصے میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی:خواجہ آصف کا ٹوئٹ

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے چیمبر میں اوور سیز پاکستانیز کمیشن کے وفد سے  ملاقات کے دوران کیا، وفد کی قیادت کمیشن کے وائس چیئرپرسن شاہین خالد کر رہے تھے جبکہ وفد میں کمشنر محمد افضال بھٹی، ڈائریکٹر جنرل جاوید اقبال بخاری اور ڈائریکٹر لیگل راجہ زبیر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈسٹرکٹ جوڈیشری محمد اکمل خان اور سیکرٹری ٹو چیف جسٹس شاہد شفیع بھی موجودتھے۔اوورسیز کمیشن کے وائس چیئرپرسن نے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کو لاہور ہائی کورٹ اور ضلعی عدلیہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے زیر التواءمقدمات سے متعلق آگاہ کیا اور دیگر اس حوالے سے  درپیش مسائل بتائے۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کے 262 مقدمات زیر التواءہیں جبکہ گزشتہ چھ مہینوں میں 66 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے مزید کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر التواءمقدمات کےلئے ایک خصوصی بینچ تشکیل دیا جا رہا ہے جبکہ صوبہ بھر کے ہر ضلع میں دو دو عدالتیں مختص کی جارہی ہیں جن میں سے  ایک ٹرائل کورٹ جبکہ دوسری  ایپلیٹ کورٹ کے طور پر کام کرے گی اور مقدمات کو فاسٹ ٹریک پر سننے کی ہدایات بھی جاری کی جارہی ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے کمیشن سے کہا کہ وہ ایک فوکل پرسن نامزد کریں جو اس معاملہ میں عدالت عالیہ سے رابطے میں رہے، مزید برآں ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری اور ڈی جی اوورسیزپاکستانیزکمیشن بھی مہینے میں ایک بار ضرور میٹنگ کریں گے اورلاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہدایات پرعملدر آمدکا جائزہ لیں گے۔فاضل چیف جسٹس نے کمیشن کے حکام سے کہا کہ وہ اگست میں دوبارہ آئیں اوراوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کے حل کےلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کریں۔ اس موقع پر کمیشن کے وائس چیئرمین شاہین خالد اور کمشنر افضال بھٹی نے فاضل چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اوراوورسیزپاکستانیوں کی سہولت کےلئے فوری اقدامات اٹھانے کو سر اہتے ہوئے کہا کہ ضلعی عدالتوں کو اوورسیز پاکستانیوں کے کیسوں کے جلد فیصلے کی ہدایات سے زیر التواءمقدمات کو نمٹانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی تھوڑے عرصے کےلئے ملک آتے ہیں اور ان کے مقدمات کے جلد فیصلے سے انہیں نمایاں ریلیف مل سکتا ہے۔قبل ازیں شاہین خالد اور افضال بھٹی نے فاضل چیف جسٹس کو کمیشن کی کارکردگی اور اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کےلئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا۔

مزیدخبریں