عید پر بھی کشمیریوں کے خون سے ہولی

عید پر بھی کشمیریوں کے خون سے ہولی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مقبوضہ کشمیر سے آمدہ اطلاعات کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر بھی قابض بھارتی فوجیوں نے نہتے اور مظلوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی۔ بانڈی پورہ میں بھارتی فورسز نے محاصرہ کر کے احتجاج کرنے والے کشمیریوں کو پیلٹ گنوں سے نشانہ بنایا، آنسو گیس کی شدید شیلنگ بھی کی جاتی رہی۔ بھارتی فورسز دراصل عید کے موقع پر سراپا احتجاج کشمیریوں کی طرف سے جگہ جگہ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم لہرانے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کی وجہ سے غصے میں تھیں، فائرنگ کے نتیجے میں پانچ نوجوان موقع پر شہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوجیوں نے دعویٰ کیا کہ شہید ہونے والے مجاہدین تھے، جو مظاہرہ کرنے والوں میں شامل تھے۔ اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی فوج کے یہ مظالم تحریک آزادی کو روک نہیں سکتے، جعلی مقابلوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ مقبوضہ کشمیر میں کچھ اس طرح جاری ہے کہ ہر دوسرے روز فائرنگ کر کے نہتے اور مظلوم کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔عیدکے رو بھی پیلٹ گنوں سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی،حالانکہ چند ہفتے قبل بھارتی فوجیوں نے عالمی تنظیموں کے دباؤ کے تحت یہ اعلان کیا تھا کہ پیلٹ گنوں سے فائرنگ نہیں کی جائے گی، چند روز تک اس اعلان پر عملدرآمد ہوا اس کے بعد خلاف ورزی ہونے لگی۔عید کے روز پیلٹ گنوں کی فائرنگ اِس قدر شدید تھی کہ موقع پر پانچ افراد کی شہادت ہو گئی اور درجنوں زخمی افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا۔ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی درندگی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ عالمی اداروں اور تنظیموں کی طرف سے بھارتی حکومت پر دباؤ نہیں ڈالا جا رہا ہے۔حد یہ ہے کہ بھارت وہاں کسی جائزہ کمیشن کو جانے کی اجازت بھی نہیں دے رہا۔ مودی سرکار نے مسئلہ کشمیر کے حل میں مثبت پیش رفت کے لئے اقوام متحدہ کے سابق اور موجودہ جنرل سیکرٹری صاحبان کی طرف سے ثالثی کی پیشکشوں کو مسترد کر دیا ہے۔ ضرورت اِس بات کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بہیمانہ مظالم کی روک تھام کے لئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے تحفظ کی علمبردار تنظیموں کو بھارت پر دباؤ بڑھانا چاہئے۔ کم از کم وہاں جائزہ کمیشن بھجوانے کی اجازت ہونی چاہئے۔

مزید :

رائے -اداریہ -