مرحم پٹی سے نہیں بڑی سرجری سے کینسر زدہ انتخابی نظام ملک کیلئے مفید بنے گا ،خرم گنڈا پور
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ڈیفالٹرز،قتل و غارت گری اور سنگین جرائم میں ملوث امیدواروں کے کاغذات منظور ہو گئے، ایک بار پھرخاردار جھاڑیاں کاشت کر کے پھول اگنے کی امیدیں لگا لی گئیں۔مرحم پٹی سے نہیں بڑی سرجری سے کینسر زدہ انتخابی نظام ملک و قوم کیلئے مفید بنے گا ،پہلے بھی چہرے بدل کر نظام بدلنے کا تاثر دیا گیا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔کاغذات نامزدگی داخل اور منظور کرتے وقت آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے، گندگی کارپٹ کے نیچے چھپا ئی جا رہی ہے ۔ 50فی صد ووٹرز ووٹ ڈالنے کا حق استعمال نہیں کرتے جو اس نظام انتخاب کی ایک بڑی خامی ہے جسے دور کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہوئی۔موجودہ نظام انتخاب میں 100لوگوں کو گولیاں مارنے اور 14 کو قتل کرنیکے نامزد ملزم بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں۔وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سنیئر رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ گزشتہ 8 انتخابات کا ٹرن آؤٹ بتاتا ہے کہ 50فی صد ووٹرز انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنتے ،1985 اور 1988میں 47 فی صد ووٹرز سے ووٹ نہیں ڈالا،1990اور 1993 میں 60فی صد ووٹرز نے ووٹ نہیں ڈالا،1997میں67فی صد ووٹرز نے ووٹ نہیں ڈالا،2002میں 59 فی صد ووٹرز نے ووٹ نہیں ڈالا،2008 میں60فی صد جبکہ 2013میں 40فی صد بالغ شہری ووٹ ڈالنے نہیں گئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ موجودہ نظام انتخاب پر عدم اعتماد ہے،عوام کو اس بات کا سرے سے یقین ہی نہیں کہ انکے ووٹ سے حقیقی نمائندے منتخب ہو کر اسمبلیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں الیکشن سے پہلے بھی انتخابی نتائج کے بارے میں لیڈران کو مطلع کرنے کی مثالیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک جمہوریت پر یقین رکھتی ہے مگر جمہوریت کا راستہ شفاف نظام انتخاب سے نکلتا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے انتخابی اصلاحات کیلئے طویل سیاسی جدوجہد کی،اسلام آباد تک لانگ مارچ بھی کیا اور آئین کے آرٹیکل 62اور63 کی اہمیت کو اجاگر کیا یہ وہی آرٹیکلز ہیں جن پر عمل کرنے سے قوم کی کرپٹ اور جھوٹے سے جان چھوٹی مگر افسوس حالیہ انتخابی عمل کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں ان آرٹیکلز پر انکی روح کے مطابق عمل نہیں ہوا،انہوں نے کہاکہ 23جون کو پارٹی کا اہم اجلاس ہو گا جس میں متوقع امیدوار اور سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران شریک ہوں گے اور آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جائیگی۔ خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ موجودہ انتخابی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی قومی فریضہ سمجھ کررہے ہیں۔