اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی کے دروازے پر چیک پوسٹ بنا لی
مقبوضہ بیت المقدس(اے این این )قبلہ اول پر یہودی شرپسندوں کی یلغار کے جلو میں ایک خطرناک پیش رفت اور بھی سامنے آئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی کے باب الرحم کے مرکزی ہال کی چھت پر چیک پوسٹ قائم کرلی ہے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق گذشتہ شب اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے باب الرحم ٹیلے پر دھاوا بولا۔ اسرائیلی فوج نے باب الرحم کے بالمقابل الرحم قبرستان کی بے حرمتی کرنے، اس میں موجود زیتون اور دیگر درخت اکھاڑنے اور پتھر کی سیڑھیاں اکھاڑنے کے بعد باب الرحم کے چھت پر چڑھ کر ایک چیک پوسٹ قائم کرلی۔بیت المقدس کے مقامی فلسطینی قانون دان ایڈووکیٹ خالد زبارقہ نے صہیونی فوج کی اس کارروائی کو تخریب کاری قرار دیا۔سوشل میڈیا پرپوسٹ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے مسجد اقصی کے تاریخی دروازے کی چھت کو چیک پوسٹ میں تبدیل کرنا یہودی شرپسندوں کو قبلہ اول کی بے حرمتی کا مزید حوصلہ مہیا کرنا اور ان میں قبلہ اول کو نقصان پہنچانے کی جرات پیدا کرنا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز 103 یہودی شرپسندوں کے دھاوے کے بعد مراکشی دروازے کو بند کردیا گیا تھا۔