25جولائی کے انتخابات جیت کر عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہوں گے : اسد قیصر
صوابی (بیورورپورٹ)سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو عمران خان اس ملک کے وزیر اعظم ہونگے اور وفاق سمیت چاروں صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومتیں قائم ہوگی، تحریک انصاف اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے منشور پر عمل کیا ،خیبرپختونخوا میں عوام کو واضح تبدیلی نظرآئی ہے، اب عوام روٹی ،کپڑا،مکان ،پختون،اسلام اور قائداعظم کے روشن پاکستان پر دھوکہ نہیں کھائیں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع مرغز میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر جماعت اسلامی کے سینئر رہنما راز احمد اور مسلم لیگ ن کے امان اللہ نے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ،سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق نے اسلام کے نام پر ووٹ لے کراپنے پانچ سالہ دوراقتدار میں اسلام کی کیا خدمت کی، سیاسی مولویوں نے ہمیشہ اسلام آباد کی سیاست کی اس ملک میں اب نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنا منشور پیش کرکے ہمیشہ عوام کو دھوکہ دیا ،اے این پی کے تینوں اقتدارعوام کو معلوم ہیں ،پہلے اقتدار میں عوام کو کفن کا کپڑا نہیں مل رہا تھا، دوسرے اقتدارمیں آٹا غائب اور تیسرے اقتدارمیں کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور دہشتگردی سے عوام کو دوچار کیا ، اے این پی ، مسلم لیگ ن اور ایم ایم اے کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے یہ لوگ اب کس منہ سے عوام کا سامنا کرینگے ،پی ٹی آئی کامقابلہ کرنا دیگر پارٹیوں کیلئے نا ممکن بنتا جارہاہے،انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت صرف عمران خان کرپٹ اشرافیہ کے خلاف کھڑا ہے اس نے عوام کو شعور دیا کہ کرپٹ لیڈروں سے نجات کے بغیر مسائل حل نہیں ہونگے ،بدعنوان مافیاکے خلاف گھر گھر جدوجہد کی ضرورت ہے، سیاسی مجرموں کے وہم اورگمان میں بھی نہیں تھا کہ کوئی ان کے مقابلے میدان میں اُترے گا عمران کا وژن ہے کہ جب تک اوپر کی سطح پر قیادت شفاف نہیں آئے گی تب تک کرپشن کے دروازے کھلے رہیں گے ،اسدقیصر نے کہا کہ عوام سیاسی مداریوں سے مایوس ہوچکے تھے اور وہ سوچتے تھے کہ پاکستان میں نظام کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتاجب عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگایااور قوم کو ایک وژن دیا تو عوام کو ایک اُمید پیداہو ئی اور لوگ جوق درجوق عمران خان کے قافلے میں شامل ہوگئے عوام عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کو فرسودہ نظام سے نجات دہندہ سمجھنے لگے ہیں،پی ٹی آئی ملک کی واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے عوام کو شعوردیااور غریب عوام کو ان کے حقوق دیئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کیلئے ہی نہیں بنااس ملک پر ہر غریب عوام کا بھی برابرکا حق ہے ،سپیکراسدقیصرنے کہا کہ انہوں نے ضلع صوابی میں میگا پراجیکٹس کا اجراء کرکے عوام کو خوشحالی سے ہمکنار کیا اور ضلع کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ، تعلیم ،صحت ،ایریگشن ، آبنوشی ،بجلی ،سوئی گیس اور ذرائع آمدورفت کی مد میں اربوں روپے کے فنڈزاستعمال کرکے ایک تاریخ رقم کی،انہوں نے کہا کہ عوام 25جولائی کو گھروں سے نکل کر بلے پر مہر لگائیں اور پی ٹی آئی کے ہر اُمیدوار کو کامیاب کرائیں ،پی ٹی آئی الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی اور اس ملک کا وزیراعظم عمران خان ہی بنے گا ۔