نگران وزیر اعظم کی پاکستان میں 14جائیدادیں ، وزیر اعلٰی پنجاب 2کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک

نگران وزیر اعظم کی پاکستان میں 14جائیدادیں ، وزیر اعلٰی پنجاب 2کروڑ روپے کے ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔جیونیوز کو حاصل دستاویزات کیمطابق نگران وزیراعظم ناصرالملک کے نام پر پاکستان میں 14 جائیدادیں ہیں، ان کی سوات میں 8 مختلف اراضی گفٹ ظاہر کی گئیں جب کہ پشاور میں اراضی بھی والد کی طرف سے گفٹ ظاہر کی گئی ہے۔اسلام آباد ڈی 12 اور جی 14 میں ایک ایک کنال کا گھر جب کہ ڈپلومیٹک انکلیو اور کنسٹی ٹیوشن اپارٹمنٹ میں ایک ایک اپارٹمنٹ بھی نگراں وزیراعظم کی ملکیت ہیں۔نگران وزیراعظم کی اہلیہ کے نام سنگاپور اور لندن میں جائیدادیں ہیں، ان کی اہلیہ کی لندن میں جائیداد کی مالیت 272،850 پاؤنڈہے جب کہ ناصرالملک کے اثاثوں میں 31 لاکھ روپے کے زیورات اور 65 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر بھی شامل ہے۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم کی 4 مختلف بینکوں میں 10 کروڑ25 لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے، جسٹس (ر) ناصر الملک کی پراپرٹی پر 380،363 ڈالر کا مورگیج موجود ہے، ان کی ہونڈا سوک 2012 ماڈل کی کارکی مالیت 10 لاکھ روپے ہے جب کہ ٹویوٹا 2012 ماڈل کی مالیت 48 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں میں 70 لاکھ مالیت کا گھر شامل ہے، اس کے علاوہ حسن عسکری کے پاس 9 لاکھ 30 ہزار روپے کیش اور پرائز بانڈز ہیں۔الیکشن کمیشن کیمطابق حسن عسکری کے پاس ایک کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے اور وہ 2 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

اثاثے

مزید : صفحہ آخر


loading...