پشاور ،پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگالیا ،بھائی قاتل نکلا

پشاور ،پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگالیا ،بھائی قاتل نکلا

پشاور(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ قاضی کلے علاقہ تھانہ فقیر آباد میں ایک لڑکی مسماۃ(آ) کو اپنے بھائی نے غیرت کے نام پر پھانسی دے کر قتل کر کے خاموشی سے گاؤں تیرائی قبرستان میں دفنا دیا ہے۔ اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق نے ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ کو فوری طور پر اپنے تئیں انکوائری کرنے اور واقعہ کی صداقت معلوم کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ نے ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد نور حیدر خان کے ساتھ مل کر مخبران کے ذریعے اصل حقائق معلوم کرنے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر فاروق ولد جان محمد سکنہ قاضی کلے کو گرفتار کرلیا۔ جس نے دوران انٹاروگیشن پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بیان کیا کہ اس نے اپنی سگی بہن مسماۃ (آ) کوغیرت کے نام پر پھانسی دے کر قتل کرنے کے بعد تیرائی قبرستان میں دفنا دیا ہے ۔فقیر آباد پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف حسب ضابطہ مقدمہ درج رجسٹر کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے اندھے قتل اور پھر خاموشی کے ساتھ اسے دفنانے کا سراغ لگانے پر ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق، ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ اور ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...