ووٹرز ڈیٹا لیکس معاملہ نادرا حکام کی تردید

ووٹرز ڈیٹا لیکس معاملہ نادرا حکام کی تردید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نادرا حکام نے شہریوں کا ڈیٹا لیکس ہونے سے متعلق تمام الزامات کی تردید کر دی، منگل کو اسلام آباد میں نادرا کے 4 ڈائریکٹر جنرلز نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کسی بھی ایک شہری کا ڈیٹا کسی بھی پلیٹ فارم سے شیئر نہیں کیا گیا۔ڈی جی نادرا ذوالفقار علی نے کہاآج تک نادرا کی تاریخ میں کوئی ڈیٹا لیک نہیں ہوا۔کرپشن پرنکالے گئے سابق افسر سید مظفر کی طرف سے الزامات عائد کیے گئے اور ایک سال قبل ایک انٹرنل ای میل ایک ٹی وی پر چلائی گئی۔انہوں نے کہاکسی بیان کی تردید کر رہے ہیں اور نہ تصدیق، اس ای میل کا ڈیٹا لیک ہونے سے کوئی تعلق نہیں ۔ انٹرنیٹ ووٹنگ کی پریزنٹیشن خود سید مظفر علی دینے گئے تھے۔ ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے کہ الیکشن کے وقت جھوٹے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ جتنے بھی دہری شہریت والے ادارے میں ہیں ان سے متعلق عدالت کو بتایا گیا ۔ دہر ی شہریت کیس میں سپریم کورٹ نے ہمارے اقدامات کو سراہا، اوور سیز ووٹنگ کے بارے میں بھی سپریم کورٹ نے ہمارے ادارے کی تعریف کی۔ ہر سال ادارے کا آڈٹ کیا جاتا ہے اور ہم الیکشن کمیشن کو وضاحت دے چکے ہیں کہ کسی ایک بھی شہری کا ریکارڈ کسی کیساتھ شیئر نہیں کیا گیا۔ ادارے کی ساکھ کیلئے جو بھی اقدامات اٹھانے پڑے اٹھائیں گے۔خیال رہے پاکستان تحریک انصاف نے ڈی جی نادرا پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے شہریوں کا ڈیٹا لیک کیا تھا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو ایک خط بھی تحریر کیا جس میں انہوں نے ڈی جی نادرا پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ان کی موجودگی میں شفاف الیکشن ممکن نہیں اسلئے انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی نادرا حکام کو خط لکھ کر اس معاملے پر وضاحت طلب کی تھی۔
نادرا تردید

مزید :

صفحہ آخر -